ڈالر کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز کمی، اسٹاک مارکیٹ تیز، سونا بھی نیچے آگیا

ڈالر اوپن مارکیٹ میں 152 روپے 50 پیسے اور انٹر بینک میں 151 روپے 45 پیسے کا ہوگیا،پاکستان اسٹاک ایکسچنج کے 100 انڈیکس میں دو دن میں تاریخ ساز 2100 پوائنٹس کا اضافہ— فائل فوٹو

کراچی: مسلسل دوسرے دن ڈالر سستا ، اسٹاک مارکیٹ اور اوپر ، سونے کی قیمت میں بھی کمی ، ڈالر اوپن مارکیٹ اور انٹر بینک دونوں میں 50 پیسے سستا ہوگیا۔

ڈالر اوپن مارکیٹ میں 152 روپے 50 پیسے اور انٹر بینک میں 151 روپے 45 پیسے کا ہوگیا۔

ساتھ ہی پاکستان اسٹاک ایکسچنج کے 100 انڈیکس میں دو دن میں تاریخ ساز 2100 پوائنٹس کا اضافہ  ہوا، آج کاروباری دن 944 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 35 ہزار 581 پوائنٹس پر بند ہوا۔

اسٹاک مارکیٹ میں دو دن میں ساڑھے چھ فیصد اضافہ ہوا،اس سے پہلے اتنا بڑا اضافہ اپریل 2009 میں 8 فیصد ہوا تھا۔

اسٹاک مارکیٹ میں چار روز سے مسلسل مثبت اختتام ہورہا ہے اور چار دن میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 389 ارب روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔

آج مارکیٹ میں 22 کروڑ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 7 ارب روپے سے زائد رہی۔ کاروباری دن میں مارکیٹ کیپٹلائزیشن 127 ارب روپے بڑھ کر 7 ہزار دو سو ارب روپے ہوگئی ہے۔

ادھر سونے کی فی تولہ قیمت میں بھی 400 روپے کمی واقع ہوئی اور ایک تولہ سونا 70 ہزار 900 روپے کا ہوگیا۔