شہباز شریف این آر او کے ذریعے ملک سے بھاگے: شیخ رشید کا دعویٰ


وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ شہباز شریف این آر او کے ذریعے ملک سے بھاگے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے ایک بار پھر اپنی توپوں کا رخ ن لیگ کی طرف کر دیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ شہباز شریف کو این آر او کی بھیک مانگتے دیکھا ہے اور پہلے ہی بتا چکا ہوں کہ شہباز شریف این آر او کے ذریعے بھاگے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اندر سے نواز اور آصف زرداری ملے ہوئے ہیں، آصف زرداری سوچتے ہیں کہ شہباز جا سکتے ہیں تو وہ کیوں نہیں۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان سب سے زيادہ شور مچا رہے ہیں، جب ایل این جی کی نئی قیمتیں سامنے آئیں گی تو سب کچھ سامنے آ جائے گا۔

چیئرمین نیب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آڈیو ویڈیو چھوڑیں، ان لوگوں کی چیخيں سنیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ یہ لوگ چیئرمین نیب کے مستعفی ہونے کا مطالبہ ہی اس لیے کر رہے ہیں کہ نئے چیئرمین پر حکومت اپوزيشن کا اتفاق ہو گا ہی نہیں، ریفرنس دائر نہیں ہوسکيں گے اور ان کے مزے لگے رہیں گے۔

پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری کی بہن وزیر صحت ہے اور سندھ میں ایڈز کا مرض پھیل رہا ہے، لاڑکانہ میں ایڈز کیسز پر انہیں استعفی دینا چاہیے۔

آئی ایم ایف سے قرض لینے سے متعلق سوال پر وزیر ریلوے نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا حکومت کی مجبوری ہے لیکن ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ گینگ آف فور ہے۔

بھارتی انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مودی کے دوبارہ وزیراعظم بننے پر پاکستان کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا پڑے گا کیونکہ مودی پاکستان کو اندر سے توڑنا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مودی نے ایک بھی مسلمان امیدوار کو ٹکٹ جاری نہیں کیا اور نہ ہی انہوں نے مسلمانوں سے ووٹ کا مطالبہ کیا، اس سے ان کی سوچ کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں :