ملک بھر میں لاکھوں فرزندان اسلام اعتکاف میں بیٹھ گئے

ملک بھر میں فرزندان اسلام آج سے اعتکاف کی سعادت حاصل کریں گے—. آن لائن/فوٹو فائل

رمضان المبارک کے دوسرے عشرے کا اختتام ہوگیا جس کے بعد  تیسرے عشرے کے لیے آج بعد نماز عصر لاکھوں فرزندان توحید اعتکاف میں بیٹھ گئے ہیں۔

اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ٹھہر جانے یا خود کو روک لینے کے ہیں، اس طرح شریعت کی اصطلاح میں رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عبادت کی غرض سے مسجد میں قیام کرنے کو اعتکاف کہتے ہیں۔

کراچی سمیت ملک کی لاکھوں مساجد میں لاکھوں مسلمان نماز عصر کے بعد اعتکاف میں بیٹھے ہیں جب کہ کئی مساجد میں اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے کوائف بھی جمع کئے گئے ہیں۔

اعتکاف میں بیٹھنے والوں کے لئے بعض مساجد کی انتظامیہ اور مخیر حضرات کی جانب سے سحری اور افطاری فراہم کرنے کے خصوصی انتظامات بھی کئے جاتے ہیں جب کہ عام طور پر معتکفین کی سحر و افطاری کا ذمہ ان کے اہلخانہ کا ہوتا ہے۔

آخری عشرے کی طاق راتوں میں مسلمان رات بھر اللہ کے حضور عبادت کرتے ہوئے اپنی حاجات و مناجات پیش کریں گے جب کہ معتکفین بھی خصوصی طور پر آج رات عبادت کا اہتمام کریں گے۔

کراچی میں اعتکاف کا سب سے بڑا اجتماع فیضان مدینہ پرانی سبزی منڈی میں ہوا جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگ اعتکاف کی سعادت حاصل کرنے پہنچے ہیں۔

لاہور میں منہاج القرآن کی جانب سے بھی اعتکاف کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں جہاں سیکڑوں افراد اعتکاف بیٹھے ہیں۔

محکمہ اوقاف کے زہر اہتمام مساجد میں بھی معتکفین کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

اعتکاف کرنے والے افراد شوال کا چاند نظر آنے تک مساجد میں قیام کریں گے۔

مزید خبریں :