فرشتہ قتل کیس: وفاقی پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلئے عوام سے تعاون مانگ لیا

اسلام آباد پولیس کا واقعے میں ملوث افراد کے حوالے سے اطلاع دینے والے کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد میں زیادتی کے بعد قتل کی گئی 10 سالہ بچی فرشتہ کے قتل کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے وفاقی پولیس نے عوام سے تعاون مانگ لیا۔

اسلام آباد پولیس نے واقعے میں ملوث افراد کے حوالے سے اطلاع دینے والے کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔

وفاقی پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی اطلاع کے لیے ڈی آئی جی آپریشن اور ایس پی انویسٹی گیشن سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ مقتول فرشتہ کا تعلق خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع مہمند سے تھا جو اپنے والدین کے ساتھ اسلام آباد کے علاقے شہزاد ٹاؤن میں مقیم تھی۔

فرشتہ قتل کیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق 10 سالہ بچی کے والد نے 15 مئی کو فرشتہ کی گمشدگی سے متعلق پولیس کو آگاہ کیا اور چار دن کی تاخیر سے 19 مئی کو ایف آئی آر درج کی گئی اور 20 مئی کو بچی کی لاش ملی۔ 

رپورٹ کے مطابق بچی کے لواحقین کے ساتھ پولیس کا رویہ سخت تھا، پولیس نے بچی کے اہلخانہ سے اپنے دفتر کی صفائی کروائی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی مداخلت پر بچی کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔

مزید خبریں :