’وزیر مملکت علی محمد خان کا سعودی سفیر سے امداد مانگنا نا مناسب ہے‘

ایسا نہیں ہونا چاہئے، ہمیں سیاسی طور پر مزید شعور کی ضرورت ہے، معاون خصوصی — فوٹو: فائل 

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کا سعودی سفیر سے امداد مانگنا نا مناسب ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ علی محمد خان کو اپنے لیٹر ہیڈ پر سعودی سفیر سے امداد نہیں مانگنی چاہئے تھی۔

انہوں نے کہا کہ اگر واقعی علی محمد خان نے لیٹر لکھا ہے تو انہیں وزیر کی حیثیت سے اپیل نہیں کرنا چاہیے تھی بلکہ ذاتی طور پر یہ کام کرسکتے ہیں۔ 

ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک غیرمناسب رویہ ہے، ایسا نہیں ہونا چاہئے، ہمیں سیاسی طور پر مزید شعور کی ضرورت ہے، جتنے بھی دوست ممالک ہیں یہ ہمارے بھائی ضرور ہیں لیکن ہمیں قوم کی خودداری کو گروی نہیں رکھنا چاہیے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ وائرل ہوئی تھی جس میں وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی سعودی سفیر سے ملاقات اور اپنے لیٹر ہیڈ پر ان سے حلقے میں امدادی کاموں کے لیے تعاون کی اپیل کی گئی تھی۔ 

مزید خبریں :