کنٹیکی کے شہری نے اپنی داڑھی کو کمر تک بڑھالیا

فوٹو: بشکریہ اوڈٹی سینٹرل

کسی انسان کو مونچھیں بڑھانے کا شوق ہوتا ہے تو کوئی اپنے بالوں کی بہت پرواہ کرتاہے لیکن کنٹیکی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے اپنی داڑھی کو کمر تک بڑھا لیا۔

32سالہ لینس ووٹن ایک آئی ٹی کمپنی میں ملازمت کرتا ہے اور وہ اپنی خوبصورت و منفرد داڑھی کی وجہ سے جانا جاتا ہے جس کی لمبائی (ڈھائی فٹ) یعنی کمر جتنی ہے۔

اس شخص کا کہنا ہے کہ جون 2014 ہیلوین پارٹی میں بحری ڈاکو بننے کے لیے اس نے اپنی داڑھی بڑھانا شروع کی تھی جس کے بعد اس کے دوستوں نے اس منفرد روپ کو بے حد سراہا۔

اس نے اپنی داڑھی کو بڑھانا شروع کیا اور پھر ایک مقابلے میں حصہ لیا جس کے بعد اس نے فیصلہ کیا کہ وہ اب اپنی داڑھی کبھی نہیں کاٹے گا اور اب اس کی داڑھی کی لمبائی تقریبا ڈھائی فٹ کے قریب ہے۔

لینس نے گزشتہ 5 سالوں میں 30 مقابلوں میں بھی حصہ لیا۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے آپ سے شرط لگائی تھی اور آج 5 سال ہوگئے ہیں، میں دنیا میں لمبی داڑھی رکھنے والوں میں چوتھے نمبر پر آتا ہوں،  مجھے لوگ کہتے ہیں کہ میں پاگل ہوں مگر میں ان کی باتوں پر کان نہیں دھرتا، مجھے اپنی داڑھی سے محبت ہے اور میرا کوئی ارادہ نہیں کہ میں اسے صاف کروں۔