کھیل
Time 06 جون ، 2019

کھیل کو سیاست زدہ کرنے پر آئی سی سی دھونی کیخلاف ایکشن میں آگیا


کھیل کو سیاست زدہ کرنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بھارتی وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کیخلاف ایکشن میں آگیا۔

آئی سی سی نے بھارتی وکٹ کیپر دھونی کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے دھونی کے دستانوں سے بھارتی فوج کا لوگو ہٹانے کی ہدایت کردی۔

دھونی نے ورلڈکپ میں جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں یہ دستانے پہنے تھے جس پر بھارتی فوج کا نشان موجود تھا۔

آئی سی سی کے جی ایم اسٹریٹجک کمیونیکیشن کلیئر فرلانگ کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ سے کہہ دیا ہے کہ فوجی لوگو ہٹایا جائے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل 8 مارچ 2019 کو بھی بھارتی ٹیم نے رانچی میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں فوجی ٹوپیاں پہن کر میچ کھیلا تھا لیکن اس میچ میں اسے منہ کی کھانی پڑی تھی۔

وزیر خزانہ شاہ محمود قریشی اور وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھارتی ٹیم کی اس حرکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جینٹلمین گیم کو سیاست کی نذر کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے بھارتی ٹیم کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

اس وقت انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں نے آئی سی سی کی اجازت سے فوجی ٹوپیاں پہنی تھیں۔

ترجمان آئی سی سی کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے پلوامہ حملے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہلخانہ کیلئے فنڈ رائزنگ کے سلسلے میں اجازت مانگی تھی اور آئی سی سی نے اس کی اجازت دی تھی۔

مزید خبریں :