شہباز شریف 9 جون کو لندن سے وطن واپس پہنچیں گے


لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی وطن واپسی کی نئی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا جس کے مطابق اب وہ 9 جون کو علی الصبح وطن واپس پہنچیں گے۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے شہباز شریف کی وطن واپسی کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ وہ 9 جون بروز اتوار صبح 4 بجکر 50 منٹ پر لاہور پہنچیں گے۔

مریم اورنگزیب نے مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹے، نالائق اور نااہل مخالفین منفی سیاست کے لئے مصنوعی بیانیہ کا سہارا تلاش کریں، شہباز شریف کی وطن واپسی سے حکومت اور اس کے ترجمان ایک مرتبہ پھر جھوٹے ثابت ہو گئے۔

واضح رہے کہ شہباز شریف کے بیرون ملک قیام کو مبینہ طور پر خفیہ ڈیل کا نتیجہ قرار دیا جارہا تھا۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف 10 اپریل کو اپنے طبی معائنے کے لیے برطانیہ روانہ ہوئے تھے، وہ گزشتہ سات ہفتوں سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں اور انہوں نے عیدالفطر بھی وہیں پر منائی۔

شہباز شریف کے خلاف زیرسماعت آشیانہ اور رمضان شوگر ملز کیس میں اُن کے وکلا کی جانب سے 11 جون کو وطن واپسی کی حتمی تاریخ دی گئی تھی۔ 

رمضان شوگر ملز میں حمزہ شہباز اور شہباز شریف پر کروڑوں روپے کا نقصان پہنچنے کا الزام ہے جب کہ آشیانہ اسکینڈل پراجیکٹ میں بھی شہباز شریف پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام ہے۔

مزید خبریں :