دنیا کا بدبودار ترین پھل ہی دنیا کا مہنگا ترین پھل

دنیا کا بدبو دار ترین پھل کہلائے جانے والا ڈوران شاہانہ قیمت پر فروخت ہوا۔ فوٹو کریڈٹ : چاووٹ سبرانم 

ایک پھل جو دنیا کا بدبو دار ترین پھل کہلاتا ہے لیکن حیرت انگیز طور پر یہ دنیا کا مہنگا ترین پھل بھی کہلاتا ہے۔

حال ہی میں یہ پھل ایسی قیمت پر فروخت ہوا ہے کہ آپ رمضان میں فروخت ہونے والے پھلوں کے مہنگے داموں کا غم بھول سا جائیں۔

تھائی لینڈ میں پھلوں کا بادشاہ کہے جانا والا پھل 'ڈوران' حیران کر دینے والی قیمت پر فروخت ہوا۔ یہ پھل ایک نیلامی کے دوران 1.5 ملین بھات یعنی 48 ہزار امریکی ڈالر اور پاکستانی کرنسی میں بتائیں تو 71 لاکھ 52 ہزار روپے میں فروخت ہوا۔

ڈوران نامی اس پھل کو بیک وقت دنیا کا مہنگا ترین پھل بھی کہا جاتا ہے اور دنیا کا بدبو دار ترین پھل بھی۔

ڈوران کے بدبودار ترین ہونے کی وجہ سے کچھ ممالک میں اسے پبلک ٹرانسپورٹ، ہوٹلوں اور ہوائی جہازوں میں ساتھ لے جانے پر پابندی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ شاہانہ پھل تھائی لینڈ میں منعقدہ کنگ آف ڈوران فیسٹول میں فروخت ہوا۔ اسے مقامی فارم سے ایک دن پہلے ہی لایا گیا تھا۔

عام طور سے معیاری ڈوران 50 ڈالر اور 100 ڈالر کے درمیان ملتا ہے۔

ڈوران کے بدبو دار ترین ہونے کی مزید کچھ کہانیاں سن لیں۔ انڈونیشیا میں جہاز کو مسافروں کی شکایت پر گراؤنڈ کرنا پڑا کیونکہ جہاز میں ایک بڑی تعداد میں ڈوران لے کر جائے جا رہے تھے۔

آسٹریلیا میں ایک یونی ورسٹی میں طالب علم اور اساتذہ کو یونی ورسٹی کی عمارت خالی کرنی پڑی کیوںکہ وہاں ایک خراب ڈوران سے بدبو آ رہی تھی جسے کوئی نقصان دہ گیس سمجھ لیا گیا تھا۔

بس اتنا ہی کافی ہے آپ اس تصور کر سکتے ہیں کہ یہ پھل کیسا ہو گا اور اس کی قیمت پر مزید حیران بھی ہو سکتے ہوں گے۔