اسٹیٹ بینک نے بینک اکاؤنٹس تک رسائی سے انکار نہیں کیا: ایف بی آر

فائل فوٹو

اسلام آباد: ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ بینکس اکاؤنٹس کے معاملے پر اسٹیٹ بینک نے رسائی سے انکار نہیں کیا بلکہ کمرشل بینکوں سے براہ راست معلومات لینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔

جیونیوز سے بات کرتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے حکام نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کے خط سے ابہام دور ہو گیا ہے اور اب کمرشل بینکس سے ٹیکس نیٹ میں اضافے کی غرض سے تما م معلومات لینے کے احکامات جاری کیے جاسکیں گے۔

ایف بی آر نے مزید بتایاکہ 5 لاکھ سے اکاؤنٹس میں موجود رقم والے اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگی ہیں جب کہ بینکس کو ودہولڈنگ ٹیکس کی تفصیلات بھی جمع کروانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ معلومات خفیہ رکھی جائیں گی اور کسی کو تنگ کرنے کے بجائے سہولت فراہم کی جائے گی۔