دنیا
Time 12 جون ، 2019

مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بھارتی فورسز پر حملہ، 5 اہلکار ہلاک

بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایک حملہ آور بھی مارا گیا، بھارتی میڈیا — فوٹو: بھارتی میڈیا 

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بھارتی فورسز پر حملے میں 5 اہلکار ہلاک ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے اننت ناگ کے کے پی روڈ پر مسلح افراد نے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی گاڑی پر حملہ کیا۔  

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں 5 اہلکار ہلاک اور 4 افراد زخمی ہوئے جب کہ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔

غاصب بھارتی فورسز نے حملے کے بعد علاقے کا محاصرہ کرلیا اور گھر گھر تلاشی شروع کردی۔

انتظامیہ نے سری نگر میں پروگرام کرنے کی اجازت نہیں دی، ترجمان ایمنیسٹی انٹرنیشنل

دوسری جانب مقبوضہ کشمیر کی قابض انتظامیہ نے انسانی حقوق کی تنظیم ایمنیسٹی انٹرنیشنل کو سری نگر میں پروگرام کرنےسے روک دیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایمنیسٹی انٹرنیشنل کی تقریب سری نگر میں ہونی تھی جس میں مقبوضہ وادی میں بھارتی انتظامیہ کے کالے قوانین پر رپورٹ جاری کی جانی تھی۔

ترجمان ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے بتایا کہ انتظامیہ نے سری نگر میں پروگرام کرنے کی اجازت نہیں دی، اجازت نہ ملنے پر ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والا اپنا پروگرام منسوخ کردیا ہے۔

قابض انتظامیہ کے فیصلے کی حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے شدید مذمت کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ وادی میں بھارت کےکالے قوانین پر عالمی انسانی حقوق تنظیم کے پروگرام کو روکنا قابل مذمت ہے۔

مقبوضہ وادی میں صدر راج میں توسیع

اِدھر بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں نافذ صدر راج میں توسیع کردی، یہ توسیع چھ ماہ کیلئے کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی حکومت نے گزشتہ سال نومبر میں مقبوضہ کشمیر کی قانون ساز اسمبلی تحلیل کرکے گورنر راج نافذ کیا تھا تاہم اس کے بعد دسمبر میں صدر راج نافذ کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :