کراچی میں 'ہیٹ ویو' کا خدشہ، صبح سے ہی گرمی کا زور


کراچی میں صبح سویرے ہی شدید گرمی محسوس کی جارہی ہے اور آج شہر میں    ہیٹ ویو کا خدشہ بھی موجود ہیں۔ 

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے شہر میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے جب کہ مختلف علاقوں میں شدید حبس میں بجلی کی طویل بندش سے شہری بے حال ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب بحیرہ عرب میں سمندری طوفان 'وایو' کے باعث شہر میں شام تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش کی بھی پیش گوئی کی گئی ہے۔ 

 صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سر ڈھانپ کر رکھنے، چھتری، تولیہ، پانی اور لیموں ساتھ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہناہے کہ شدید گرمی میں مشقت والے کام سے گریز کریں، بچے سخت دھوپ میں کھیلنے سے گریز کریں جب کہ سرکاری اسپتالوں میں خصوصی وارڈز قائم کردیے گئے ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویو میں پسینہ زیادہ آنے سے جسم میں نمکیات کی کمی ہو جاتی ہے جس سے ہیٹ اسٹروک کا خطرہ بڑھ جاتا ہے جب کہ سر درد، قے ہونا اور چکر آنا ہیٹ اسٹروک کی علامات ہیں۔ 

طبی ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ گرم موسم میں زیادہ سے زیادہ پانی پیئیں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں اور مزدور کام کرتے ہوئے سر پر گیلا کپڑا لازمی رکھیں۔

مزید خبریں :