بیوی کو نوکری سے نکلوانے کیلئے شوہر نے جہاز کے اغوا کا ڈرامہ رچا دیا

پیغام کو اردو میں لکھنے کے لیے انٹرنیٹ کا سہارا لیا گیا۔ فائل: فوٹو

کسی بھی جہاز کو اغوا کرنے کی سنگین غلطی کے پیچھے کیا مقاصد ہو سکتے ہیں؟ یقیناً آپ کا ذہن دہشت گردی، تاوان یا کسی معاملے پر مذاکرات وغیرہ وغیرہ کی طرف گیا ہو گا۔

لیکن ایک وجہ ایسی بھی ہے جہاں تک آپ کی سوچ نہ پہنچ سکے، وہ یہ کہ ایک بھارتی تاجر نے جہاز کے اغواء کی دھمکی کا ڈرامہ اپنی بیوی کو نوکری سے برخاست کروانے کے لیے رچایا لیکن یہ ڈرامہ اپنے اختتام کو پہنچا اور بھارتی تاجر کو جیل جانا پڑ گیا۔

ممبئی کے رہائشی 38 سالہ برجو سلہ نے عدالت میں دیئے گئے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ اصل میں وہ یہ چاہ رہا تھا کہ اس کی بیوی کی نوکری ختم ہو جائے تاکہ وہ دونوں زیادہ سے زیادہ وقت ایک ساتھ گزار سکیں۔


برجو نے اس مقصد کے لیے جیٹ ائیر ویز کی پرواز کے دوران ٹوائلٹ میں جہاز کو اغواء کرنے کی دھمکی ایک کاغذ پر پرنٹ کرنے کے بعد ٹشو پیپر کے ڈبے پر چپکا دی تھی۔

برجو نے عدالت کو بتایا کہ اس کا خیال تھا کہ اس طرح جیٹ ائیر ویز دہلی سے اپنی پروازیں بند کر دے گی جس کی وجہ سے اس کی بیوی کی نوکری ختم ہو جائے گی اور اسے واپس ممبئی بھیج دیا جائے گا اور ہم دونوں میاں بیوی ایک ساتھ وقت گزار سکیں۔

پراسیکیوٹرز نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی دھمکی کا پیغام کیبن کریو نے پائلٹس کو پہنچایا جس کے باعث پائلٹس نے فوراً الہ آباد میں ہنگامی لینڈنگ کر دی۔

پولیس نے طیارے میں داخل ہوتے ہی اردو میں لکھے ہوئے دھمکی کے پیغام کو قبضے میں لے لیا۔ پیغام کے لیے اردو زبان کے استعمال سے واضح ہوتا تھا کہ اسے لکھا نہیں گیا بلکہ اس کے لیے انٹر نیٹ کی مدد لی گئی ہے۔


تحقیقات پر یہ بات سامنے آئی کہ دھمکی برجو سلہ کے آفس میں اس کے ذاتی لیپ ٹاپ سے پرنٹ کیا گیا اور دھمکی کو انگریزی سے اردو میں ترجمے کے لیے گوگل ٹرانسلیٹر کا استعمال کیا گیا۔

انڈین اینٹی ہائی جیکنگ ایکٹ آف 2016 کے مطابق ہائی جیکنگ کرنے یا اس کی دھمکی دینے کی صرف دو سزائیں ہیں، عمر قید یا موت کی سزا۔

اکتوبر 2017 سے برجو جیل میں فیصلے کے انتظار میں قید تھا، حال ہی میں عدالت نے اپنے فیصلے میں برجو کو عمر قید کی سزا سنانے کے ساتھ اس پر 5 کروڑ بھارتی روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق ذہنی اذیت کے ہرجانے کے طور پر مذکورہ جہاز کے فی پائلٹ کو ایک لاکھ روہے، فی فضائی میزبان کو 50000 روپے اور فی مسافر کو 25000 روپے جرمانے کی رقم سے ادا کیے جائیں گے۔

برجو سلہ اس نئے انڈین ا یکٹ کے تحت سزا پانے والا پہلا شخص ہے۔

برجو سلہ نے جیسا چاہا تھا آخر میں ردو بدل کے ساتھ ہوا ویسا ہی۔ اس کی دوسری بیوی کو اس واقعے کے فوری بعد جیٹ ائیر ویز نے برخاست کر دیا۔

مزید خبریں :