گیدڑ بھپکیاں دینے والے بجٹ کو منظوری سے نہیں روک سکتے: فردوس عاشق اعوان


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی گیڈر بھپکیوں سے کوئی بجٹ کو منظوری سے نہیں روک سکتا۔

معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کبھی نہیں کہا کہ پارلیمنٹ نہیں چلنے دوں گا، وہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کی بالا دستی پر یقین رکھتے ہیں اور اداروں کو بااختیار بنانا چاہتے ہیں، ان کا یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے لوٹ مار کرنے والے دو خاندانوں کو مسترد کیا اور عمران خان کو اقتدار بخشا ہے، اس بجٹ کو عوام کے نمائندے پاس کریں گے، اپوزیشن کی گیڈر بھپکیوں سے کوئی بجٹ کو منظوری سے نہیں روک سکتا۔

ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن عمران خان کو اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹاسکتی کیوں کہ عمران خان اور پاکستان لازم وملزوم ہیں۔

قومی اسمبلی میں شہباز شریف کی تقریر پر ردعمل میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر نے آج قومی اسمبلی میں حقائق کو مسخ کرکے بیان کیا، شہباز شریف نے پارلیمنٹ کو ذاتی تشہیر کا ذریعہ بنایا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی کے مطابق پرامید ہوں کہ اپوزیشن عوام سے اپنا ناطہ نہیں توڑے گی، حزب اختلاف غنڈہ گردی سے نہیں بلکہ آئینی اور پارلیمانی طریقے سے عوامی مفاد کی ترامیم لائے، ہم منظور کرائیں گے۔

اپوزیشن ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پروڈکشن فلموں اور ڈراموں میں ہوتی ہے، سیاسی اداکاروں کو کیوں نہیں لایا جارہا، اس سے متعلق اسپیکر ہی بتاسکتے ہیں۔

یاد رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے وفاقی بجٹ 20-2019 کو قومی اسمبلی سے منظور نہ ہونے دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :