کھیل
Time 22 جون ، 2019

محمد شامی کی ہیٹ ٹرک، افغانستان بھارت کیخلاف شکست کے بعد ورلڈکپ سے باہر

فوٹو: آئی سی سی

ساؤتھمپٹن: فاسٹ بولر محمد شامی کی آخری اوور میں شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت بھارت نے افغانستان کو 11 رنز سے شکست دے دی اور اس ناکامی کے بعد افغان ٹیم ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی۔

یہ رواں ورلڈکپ میں کسی بھی بولر کی جانب سے پہلی ہیٹ ٹرک ہے۔ افغانستان کو آخری اوور میں 16 رنز درکار تھے جبکہ اس کے 3 کھلاڑی باقی تھے تاہم محمد شامی نے یکے بعد دیگرے تین وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلادی۔

افغانستان کو آخری اوور میں 16 رنز درکار تھے جبکہ اس کے 3 کھلاڑی باقی تھے تاہم محمد شامی نے یکے بعد دیگرے تین وکٹیں حاصل کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلادی— فوٹو: آئی سی سی

بھارت نے ورلڈکپ میں اپنے پانچویں میچ میں افغانستان کو جیت کے لیے 225 رنز کا ہدف دیا۔

ساؤتھمپٹن کے روز بول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بظاہر درست ثابت نہ ہوا اور اس نے سنہ 2010 کے بعد پہلی اننگز میں 50 اوورز میں اپنا کم ترین اسکور بنایا۔

افغانستان کے بولرز نے اننگز کے شروع سے ہی بھارتی بیٹسمینوں کو جھکڑ کر رکھا اور وقتاً فوقتاً وکٹیں لیتے رہے۔ 

اگرچہ بھارت کو دوسری، تیسری اور پانچویں وکٹ نے 50 رنز سے زائد کی شراکتیں فراہم کیں مگر اس دوران رن ریٹ نہ بڑھ سکا۔ کپتان ویرات کوہلی 63 گیندوں پر 67 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جب کہ کلدیپ جادیو نے 68 گیندوں پر 52 رنز بنائے۔

فوٹو: آئی سی سی

افغانستان نے 50 اوورز مکمل کرنے کے لیے چھ بولر آزمائے اور تمام وکٹیں لینے میں کامیاب رہے۔ محمد نبی اور گلبدین نائب نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ مجیب الرحمٰن، آفتاب عالم، راشد خان اور رحمت شاہ ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

جواب میں افغانستان کی ٹیم 49.5 اوورز میں 213 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ افغانستان کی جانب سے محمد نبی 52 رنز بناکر نمایاں رہے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 4، بھمرا، چاہال اور پانڈیا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

فوٹو: آئی سی سی

ٹورنامنٹ میں افغانستان کی ٹیم اب تک 6  میچز کھیل چکی ہے اور تمام میں اسے ناکامی ہوئی۔ افغان ٹیم اب باضابطہ طور پر سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکی ہے اور اس کے اگلے تمام میچز رسمی کارروائی ہوں گے۔

 بھارت نے اب تک 5 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 4 میں اسے کامیابی حاصل ہوئی اور ایک بارش کی نذر ہوا۔

پوائنٹس ٹیبل کے اعتبار سے بھارت تیسرے نمبر پر ہے جب کہ افغانستان سب سے آخر یعنی دسویں نمبر پر ہے۔ پاکستان افغانستان سے ایک درجہ اوپر نویں نمبر ہے۔

مزید خبریں :