امریکا کے ایک گھر میں ریچھ بن گیا بن بلایا مہمان

مونٹانا کا علاوہ جنگلی حیات سے بھرا ہوا ہے۔ فوٹو کریڈٹ : مسولا پولیس 

اگر کبھی ایسا ہو کہ آپ کچھ دیر کے لیے گھر سے باہر گئے ہوئے ہوں اور واپس آکر اپنی الماری کھولیں تو آپ کو جو دیکھنے کو ملے وہ آپ کو چیخنے پر مجبور کر دے!

کیا صرف سامان چوری ہوجانا ہی یا الماری میں کسی کو قیمتی چیز کے اضافے کو دیکھ لینے سے ہی چیخیں نکلتی ہیں، کبھی کبھار آپ کی الماری میں کوئی چھپا ہوا بھی ہو سکتا ہے۔

چھپنے والا یہ کوئی عام انسان نہیں بلکہ کالا ریچھ ہو تو آپ کا رد عمل کیا ہوگا، اب آپ کہیں گے ایسا کیسے ہو سکتا ہے؟۔

ایسا ہوا ہے امریکی ریاست مونٹانا کے علاقے مسولا میں جہاں ایک کالا ریچھ گھر میں بند ہو گیا تھا، پورے گھر میں ریچھ کو آرام کرنے کے لیے الماری ہی نظر آئی اور وہاں اوپر چڑھ کر اپنی نیند پوری کرنے لگا۔

مسولا کی پولیس کے مطابق انھیں صبح سویرے کال موصول ہوئی کہ بٹلر کریک کے گھر ایک ریچھ گھس گیا ہے۔

ریچھ کو گھر کے باہر سے ایک کمرے کا دروزہ کھلا ہوا نظر آیا اور اس نے گھر میں داخل ہو کر کسی طرح بیڈ روم کا دروازہ بھی کھول لیا۔

پولیس افسر نے فیس بک پر اپنے پیچ پر لکھتے ہوئے کہا کہ گھر پہنچ کر کھڑکی کے شیشے پر کھٹکھٹایا تو ریچھ نے کسی قسم کا ردعمل نہیں دیا۔

پولیس افسر نے لکھا ہے کہ ریچھ نے آہستگی سے انگڑائی لیتے ہوئے جماہی لی اور بالکل بھی حیرت کا اظہار نہیں کیا۔

اسی دوران پولیس نے گھر کے دروازے کو پورا کھول دیا اس امید پر کہ شاید وہ اچھل کر نیچے آجائے گا اور گھر چھوڑ دے گا تاہم ان کی کوششوں کی نتیجے میں ریچھ نے مزید جماہیاں لیں اور اپنی جگہ سے حرکت تک نہ کی۔

تمام واقعے سے موٹانا فش، محکمہ جنگلی حیات اور پارکس کو بھی مطلع کیا گیا، متعلقہ اداروں نے پہنچ کر ریچھ کو نیند آور انجیکشنز لگا کر  بے ہوش کیا اور اسے گھر سے نکال کر منتقل کر دیا۔

گھر کے مالکان بہت خوش ہیں کہ ریچھ ان کے گھر سے بخیر و عافیت واپس چلا گیا، پولیس آفیسر نے اپنے پیچ پر لکھا ہے کہ اس سے سبق ملتا ہے کہ آپ اپنے گھر کا دروازہ لاک کرنا مت بھولیں۔

مزید خبریں :