پاکستان کا اقوام متحدہ میں نفرت انگیز بیانیوں کے پھیلاؤ کیخلاف لائحہ عمل پیش


نیویارک: پاکستان نے نفرت انگیز بیانیوں کے پھیلاؤ کے خلاف اقوام متحدہ میں 6 نکاتی لائحہ عمل پیش کردیا۔

اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز میں پاکستان اور ترکی کی جانب سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے پاکستان کا نفرت انگیز بیانیوں اور اسلامو فوبیا کے پھیلاؤ کے خلاف 6 نکاتی لائحہ عمل پیش کیا۔

خبر رساں ادارے  'اے پی پی' کے مطابق تقریب میں مختلف ممالک کے نمائندگان نے شرکت کی اور پاکستان کے نفرت انگیز بیانیوں اور اسلامو فوبیا کے خلاف لائحہ عمل کو مؤثر قرار دیا۔

اس موقع پر ملیحہ لودھی نے کہا کہ اسلامو فوبیا کا بڑھنا خطرناک صورتحال ہے جو تعصب، نسل پرستی اور تفریق کی نشاندہی کرتا ہے اور اسلام دشمن تعصب عصر حاضر میں نفرت انگیز بیانیے کی سب سے بڑی مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا کو روکنے اور اس کے خاتمہ کے لیے وزیراعظم عمران خان نے فوری اقدامات بھی کیے ہیں اور اس حوالے سے وہ مختلف فورم پر بات چیت بھی کرچکے ہیں۔

ملیحہ لودھی کا مزید کہنا تھا کہ لائحہ عمل نفرت انگیز بیانیوں بالخصوص اسلام دشمن تعصب کے پھیلاؤ میں کمی میں مدد دے گا۔

مزید خبریں :