احد رضا کی تھیٹرپلے میں بہترین اداکاری، بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کرلیا

22ویں 'بے ٹی مچل ایوارڈ' میں احد رضا میر کو تھیٹر پلے ’ہیملیٹ اے گھوسٹ اسٹوری‘ میں جاندار اداکاری پر بہترین بین الاقوامی تھیٹراداکار ایوارڈ سے نوازا گیا ہے—. فوٹو انسٹاگرام 

ڈرامہ سیریل ’یقین کا سفر‘ سے شہرت پانے والے اداکار احد رضا میر نے تھیٹر پلے میں جاندار اداکاری کے جوہر دکھا کر بین الاقوامی ایوراڈ اپنے نام کرلیا۔

22ویں 'بے ٹی مچل ایوارڈ' کی تقریب 24 جون کو کینیڈا میں ہوئی جس میں احد رضا میر کو مقبول ترین تھیٹر پلے ’ہیملیٹ اے گھوسٹ اسٹوری‘ میں جاندار اداکاری پر بہترین بین الاقوامی تھیٹر اداکار کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

تھیٹر پلے ’’ہیملیٹ‘‘ عظیم انگریزی مصنف اور ڈرامہ نگار ولیم شیکسپیئر کی تحریر ہے جس کے تھیٹر پلے میں احد رضا میر نے اداکاری کے بہترین جوہر دکھائے تھے۔

انسٹاگرام فوٹو—.

احد رضا میر نے پاکستان میں سب سے پہلے ڈرامہ سیریل ’سمی‘ سے ڈیبیو دیا جس کے بعد اداکارہ سجل علی کے ساتھ ڈارمہ سیریل ’یقین کا سفر‘ کیا جس نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا۔

ڈرامہ سیریل ’یقین کا سفر‘ میں  سجل اور احد کی جوڑی کو مداحوں کی جانب سے خوب پزیرائی ملی جس کے بعد ان کے قریبی تعلقات کے چرچے ہونے لگے۔

تاہم رواں ماہ کے آغاز میں دونوں نے اپنی منگنی کا اعلان کیا جب کہ احد رضا میر کا جیو کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں کہنا تھا کہ شادی بھی جلد ہوگی۔

احد رضا میر پاکستانی فلم ’پرواز ہے جنون‘ میں بھی جلوہ گر ہوچکے ہیں۔ 

اداکار ڈراموں اور سلور اسکرین میں جلوہ گر ہونے سے قبل کینیڈا میں تھیٹر اداکاری کے جوہر دکھاتے رہے ہیں۔

مزید خبریں :