دنیا
Time 26 جون ، 2019

امریکا جنگوں، تنازعات اور لوٹ مار کی کارروائیوں کا ماخذ ہے: ایرانی سپریم لیڈر

ایران کے عوام امریکا کے گھناؤنے اقدامات کو کوئی اہمیت نہیں دیتے اور وہ پسپائی اختیار نہیں کریں گے: آیت اللہ خامنہ ای کا تقریب سے خطاب — فوٹو:فائل 

تہران: ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ امریکا جنگوں، تنازعات اور لوٹ مار کی کارروائیوں کا ماخذ ملک ہے۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ ایرانی عوام عزت، آزادی اور ترقی چاہتے ہیں لہٰذا ظالم دشمنوں کا دباؤ ایرانی عوام کو متاثر نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا جنگوں، تنازعات اور لوٹ مار کی کارروائیوں کا ماخذ ملک ہے اور ایک شیطانی حکومت معزز ایرانی قوم کو توہین کا نشانہ بنا رہی ہے لیکن ایرانی قوم کسی توہین آمیز رویے کے سامنے سر نہیں جھکائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا مذاکرات کے ذریعے ایرانی عوام کی طاقت اور اقتدار کے عناصر کو سلب کرنا چاہتا ہے لیکن ایران کے عوام امریکا کے گھناؤنے اقدامات کو کوئی اہمیت نہیں دیتے اور وہ پسپائی اختیار نہیں کریں گے۔

ایرانی صدر نے وائٹ ہاؤس کے ایکشن کو ذہنی پسماندگی قرار دیا
تہران کی متحمل حکمت عملی کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہم ڈرے ہوئے ہیں، حسن روحانی — فوٹو:فائل 

ایرانی صدر حسن روحانی نے ٹرمپ کی ایران کو حملے کی صورت میں نیست و نابود کرنے کی دھمکی کو وائٹ ہاؤس کی ذہنی پسماندگی قرار دے دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق اپنے ٹیلی ویژن خطاب میں ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے خامنہ ای پر نئی پابندیوں کے عملی اثرات نہیں ہوں گے کیونکہ خامنہ ای کے یورپ میں کوئی اثاثے نہیں ہیں۔

ایرانی صدر نے وائٹ ہاؤس کے ایکشن کو اس کی ذہنی پسماندگی قرار دیا اور کہا کہ تہران کی متحمل حکمت عملی کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہم ڈرے ہوئے ہیں۔

واضح رہےکہ امریکا نے ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای اور وزیر خارجہ جواد ظریف پر پابندی عائد کردی ہے جب کہ امریکی صدر ٹرمپ نے گزشتہ روز دھمکی دی تھی کہ ایران نے اگر تصادم ہوا تو اسے نیست و نابود کردیں گے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے معاہدے کو یک طرفہ طور پر منسوخ کرنے کے بعد سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

ایران نے گزشتہ دنوں امریکی ڈرون طیارہ بھی مار گرایا تھا جسے ٹرمپ نے ایران کی بہت بڑی غلطی قرار دیا تھا۔

مزید خبریں :