ایک عہد تمام ہوا، نامور اداکارہ ذہین طاہرہ انتقال کرگئیں


کراچی: پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی نامور اداکارہ ذہین طاہرہ شدید علالت کے باعث دنیائے فانی سے رخصت ہوگئیں۔

اداکارہ ذہین طاہرہ  گزشتہ ماہ دل کا دورہ پڑنے کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں طبیعت زیادہ خراب ہونے کے باعث انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔

ذہین طاہرہ کی طبیعت رات گئے انتہائی خراب ہوئی جو سنبھل ہی نہ سکی اور انتقال کر گئیں۔

کراچی سے تعلق رکھنے والی ذہین طاہرہ نے دہائیوں تک پی ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے اور دور حاضر میں وہ پی ٹی وی کی تاریخ کی سب سے سینیئر اور بزرگ اداکارہ مانی جاتی ہیں۔

ذہین طاہرہ سیکڑوں ڈراموں میں جلوہ افروز ہوچکی ہیں، انہیں پی ٹی وی کے سب سے مقبول ترین ڈرامے 'خدا کی بستی' میں بھی کام کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔

اس کے علاوہ ذہین طاہرہ نے ’عروسہ‘، ’دستک‘، ’دیس پریس‘، ’کالی آنکھیں‘، ’کہانیاں‘، ’وقت کا آسمان‘، ’ماسی اور ملکہ‘، ’راستے دل کے‘، ’کیسی ہیں دوریاں‘، ’شمع‘، ’دل دیا دہلیز‘، ’چاندنی راتیں‘، ’آئینہ‘، ’تجھ پے قربان‘ سمیت کئی ڈراموں میں کام کیا۔

حکومت پاکستان نے شوبز انڈسٹری کے لیے لازوال خدمات کے اعتراف میں 2013 میں انہیں 'تمغہ امتیاز' سے بھی نوازا تھا۔

ذہین طاہرہ کے انتقال پر شوبز، سیاسی اور دیگر نامور شخصیات کی جانب سے اظہار افسوس کیا جارہا ہے ۔

اداکار بہروز سبزواری نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذہین طاہرہ سے ان کا تعلق بچپن سے تھا، وہ ایک انتہائی محنتی خاتون تھیں اللہ ان کی مغفرت فرمائے۔

اداکار قوی خان نے بھی ذہین طاہرہ کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اصولوں کے تحت کام کیا۔

مزید خبریں :