پاکستان
Time 04 جولائی ، 2019

فاشسٹ عمران خان میں ہٹلر کے جراثیم سامنے آ رہے ہیں: شہباز شریف

11 مہینے بعد ہی عمران خان ایکسپوز ہو چکے ہیں، شہباز شریف۔ فوٹو: اسکرین گریب

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیراعظم کو ایک بار پھر فاشسٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے اندر موجود ہٹلر کے جراثیم سامنے آ رہے ہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں گفتگو کے دوران اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پہلی بار مریم نواز کے حوالے سے دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ وہ پارٹی صدر اور مریم نائب صدر، ان کی بھتیجی اور بیٹی ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پارٹی کا رہبر ایک ہے اور وہ ہے نواز شریف، اختلافات جمہوریت کا حسن ہیں لیکن ڈسپلن کا تقاضا ہے کہ اختلاف پارٹی کے اندر ہوں، آئندہ پارٹی ڈسپلن کو یقینی بناؤں گا، ہر فیصلہ پارٹی مشاورت سے کرتا ہوں۔

سابق وزیراعظم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کو لوگوں سے ملاقات سے منع کر دیا گیا، خاندان کے بھی صرف 5 افراد کو ملنے کی اجازت دی گئی۔

تحریک انصاف کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ گزشتہ 5 سال میں خیبرپختونخوا میں کتنی یونیورسٹیاں اور اسپتال بنائے گئے؟

شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں 72 کلومیٹر میٹرو 100 ارب روپے میں بنا، پشاور میٹرو ابھی بھی کھنڈرات کی شکل میں ہے اور اس کی تکمیل کا بھی امکان نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان تاریخ کے جھوٹے ترین وزیراعظم ہیں جو دن رات عوام کو سبز باغ دکھاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈنڈے کے زور پر روپے کی قدر گروائی گئی، آج ڈالر 160 پر پہنچ چکا ہے، دوائیوں کی قیمتیں دوگنی ہو چکی ہیں۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ آئی ایم ایف کو غرض نہیں کہ غریب زندگی کیسے بسر کرتا ہے۔

انہوں نے عمران خان کو یوٹرن ماسٹر قرار دیتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان کی ایمنسٹی اسکیم کی عمران خان نے مخالفت کی تھی، ہماری ایمنسٹی اسکیم میں 124 ارب روپے آئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان جس ایمنسٹی اسکیم کی مخالف کرتے تھے آج اسے گلے لگا لیا ہے، عمران خان نے مشرف کی ایمنسٹی اسکیم کے تحت فلیٹ ڈکلیئر کیا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ 11 مہینے بعد ہی عمران خان ایکسپوز ہو چکے ہیں، اب فاشسٹ بن رہے ہیں اور ہٹلر کے جراثیم سامنے آ رہے ہیں، ایسا نہ ہو دیر ہو جائے اور ہم ہاتھ ملتے رہ جائیں۔

اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی میں بنائی گئی کمیٹی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 5 جولائی کو اسلام آباد میں رہبر کمیٹی کا پہلا اجلاس ہے، رہبر کمیٹی کا ہر فیصلہ قبول کریں گے۔

صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں چیئرمین سینیٹ کے لیے مشترکہ نام پر متفق ہو جائیں گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان خود کو دنیا کے قابل ترین آدمی سمجھتے ہیں، عمران خان آج خود ہارس ٹریڈنگ کر رہے ہیں، ڈر ہے کہ عمران خان نظام کی چھٹی کروا دیں گے۔

مزید خبریں :