کھیل
Time 15 جولائی ، 2019

انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کا میچ ورلڈ کپ کی تاریخ کا بہترین فائنل تھا: وسیم اکرم

یہ اب تک کا بہترین فائنل تھا، ایسا فائنل کبھی نہیں دیکھا: وسیم اکرم۔ فوٹو: فائل

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے میچ کو ورلڈکپ کی تاریخ کا اب تک کا بہترین فائنل قرار دیدیا۔

گزشتہ روز لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے فائنل میں انگلینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو سپر اوور میں شکست دیکر پہلی بار کرکٹ کا چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

انگلینڈ کی شاندار کامیابی پر قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ انہوں نے ورلڈ کپ کا ایسا فائنل کبھی نہیں دیکھا، میچ کے دوران کبھی انگلینڈ تو کبھی نیوزی لینڈ فیورٹ لگا۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے کہا کہ دونوں ٹیموں کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، فائنل کرکٹ کے لیے یہ بہترین میچ تھا۔ پاکستان کے سابق آل راؤنڈر عبدالرزاق نے کہا کہ دونوں ٹیموں نے بہترین کھیلا۔

سابق کپتان مصباح الحق نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے سنسنی خیز فائنل میں فاتح ٹیم انگلینڈ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اصل چیمپیئن بین اسٹوکس ہے۔

محمد حفیظ نے کہا کہ ورلڈ چیمپئین بننے پر انگلش کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جب کہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ نے بہت اچھا مقابلہ کیا لیکن بد قسمتی سے ہار گیا۔

وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے کہا کہ نیوزی لینڈ نے جیت کے لیے بہت محنت کی  لیکن قسمت نے ساتھ نہ دیا۔

احمد شہزاد نے انگلش ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم جیت کی مستحق تھی، اس نے ورلڈ کپ جیتنے کے لیے بہت محنت کی تھی۔

مزید خبریں :