دنیا
Time 16 جولائی ، 2019

ممبئی میں سو سال پرانی 4 منزلہ رہائشی عمارت گرگئی، 2 افراد ہلاک

فوٹو: بشکریہ این ڈی ٹی وی

بھارت کے ساحلی شہر ممبئی میں سو سال پرانی رہائشی عمارت گرنے سے 2 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی کے جنوب میں واقع 4 منزلہ بلڈنگ گرنے سے 2 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ 40 سے زائد ملبے تلے دب گئے جن میں سے بعض افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہناہےکہ عمارت گرنے کا واقعہ منگل کی دوپہر 12 بجے کے قریب پیش آیا، واقعے کے بعد ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں، ٹیمیں ملبہ ہٹانے اور اس کے اندر دبے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائیاں کررہی ہیں تاہم ٹیموں کو جائے حادثہ پر تنگ گلیوں اور ممبئی میں ایک ہفتے سے جاری بارشوں کے باعث  پانی بھرے ہونے سے مشکلات کا سامنا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق علاقہ مکینوں نے بتایا کہ بلڈنگ کے گرنے سے انتہائی زور دار آواز سنائی دی اور زلزلہ سا محسوس ہوا، منہدم بلڈنگ میں 7 سے 8 فیملیاں رہائش پذیر تھیں۔

وزیراعلیٰ مہاراشٹرا کے مطابق گرنے والی بلڈنگ 100 سال پرانی ہے، حکومت نے پورے علاقے کی دوبارہ تعمیر کی اجازت دے رکھی ہے، واقعے کی روشنی میں اس بات کی تحقیقات کی جائیں گی کہ علاقے کی دوبارہ تعمیر میں تاخیر کیوں برتی گئی۔

مزید خبریں :