دنیا
Time 19 جولائی ، 2019

جاپان کے اسٹوڈیو پر حملہ کرنے والے ملزم کی شناخت ہوگئی

فوٹو: اے ایف پی

ٹوکیو: جاپان کے شہر کیوٹو کے اسٹوڈیو پر حملہ کرنے والے ملزم کی شناخت کرلی گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ملزم کے کام کو چوری کرکے اس کی نقل کی جارہی تھی جس کی وجہ سے اس نے معروف اینی میشن اسٹوڈیو کو گیسولین کی مدد سے آگ لگا دی۔

پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت 41 سالہ شنجی اوبا کے نام سے ہوئی اور ملزم کو نامعلوم دماغی مسائل کا بھی سامنا ہے۔

مقامی پولیس ترجمان کے مطابق پولیس کو اب تک ملزم اور اسٹوڈیو کے درمیان تعلق معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

پولیس کا کہناہےکہ ملزم کو جیسے ہی گرفتار کیا گیا اس نے اپنے کام کے چوری ہونے کے بارے میں بتایا۔

پولیس کے مطابق حملے کے نتیجے میں ملزم خود بری طرح سے زخمی ہے اور اسپتال میں زیر علاج ہے جہاں سکون آور ادویات دینے کی وجہ سے پولیس ملزم سے مزید تفتیش کرنے سے قاصر ہے۔

واضح رہےکہ گزشتہ روز جاپان کے شہر کیوٹو کے معروف اینی میشن اسٹوڈیو پر آتش گیر مادے سے حملہ کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں اسٹوڈیو کی تین منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی اور واقعے میں 33 افراد ہلاک ہوئے جو جاپان میں 20 سال کے درمیان لوگوں کو قتل کیے جانے کا بڑا واقعہ ہے۔

مزید خبریں :