پاکستان
Time 22 جولائی ، 2019

سابق وزیراعظم نواز شریف کے جیل کے کمرے میں ائیر کنڈیشنر کیوں لگا؟

امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ پاکستان واپس جاکر جیلوں سے اے سی نکلوادیں گے— فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم نواز شریف کے جیل کے کمرے میں ائیرکنڈیشنر ڈاکٹرز کی ہدایات پر لگایا گیا، ڈاکٹرز کی رپورٹس کے مطابق نواز شریف کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر اظہر کیانی نے رپورٹ میں نواز شریف کے گردے فیل ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا اور نواز شریف کو گھبراہٹ اورطبیعت کی خرابی کی بڑی وجہ پانی کی کمی بتائی گئی تھی۔

ڈاکٹر اظہر کیانی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پسینے اور پانی کی کمی سے میڈیکل ایمرجنسی ہوسکتی ہے، پانی کی کمی سے گردے فیل ہو سکتے ہیں، دل کی تکلیف کا بھی اندیشہ ہے۔

اس کے علاوہ ڈاکٹر حامد شریف خان نے بھی نواز شریف کی طبیعت میں خرابی کی وجہ ڈی ہائیڈریشن بتائی تھی۔ ڈاکٹر حامد شریف کی رپورٹ کے مطابق پانی کی کمی سے نواز شریف کوما میں جا سکتے ہیں، پانی کی کمی سے نواز شریف کو دل کی تکلیف کا خدشہ ہو سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کی رپورٹ کی روشنی میں نواز شریف کے جیل کے کمرے میں اے سی لگایا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں میانوالی میں میانوالی ایکسپریس کے افتتاح کے موقع پر وزیر ریلوے شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ سابق حکمرانوں کو ایک ماہ کیلئے میانوالی کی جیل میں رکھیں یہ لوگ ایک دن میں سارا پیسا واپس کردیں گے۔

شیخ رشید نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ آپ نے چوروں کو 9 اسٹار جیلوں میں رکھا ہوا ہے، جیل میں 2، 2 اے سی اور 60 انچ کی اسکرین دی ہوئی ہے۔

بعد ازاں گزشتہ روز امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ وہ پاکستان واپس جاکر جیلوں سے اے سی نکلوادیں گے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا کوٹ لکھپت جیل میں کاٹ رہے ہیں جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب کی حراست میں ہیں۔

مزید خبریں :