پاکستان
Time 27 جولائی ، 2019

نواز شریف کی جیل سے اے سی اتارنے پر شہباز شریف کا چیف سیکریٹری کو خط

نواز شریف کی جیل سے اے سی اتارنے کا خط میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی خلاف ورزی ہے: شہباز شریف۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی جیل سے اے سی اتارنے کے حکومت پنجاب کے فیصلے کو میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی خلاف ورزی قرار دیدیا۔

وزیراعظم عمران خان نے دورہ امریکا میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان واپس جا کر جیلوں سے اے سی اور ٹی وی نکلواؤں گا۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ جیلوں سے اے سی اور ٹی وی نکلوانے کے فیصلے پر مریم بی بی بہت شور مچائیں گی مگر جس طرح یہ لوگ جیلوں میں رہ رہے ہیں یہ سزا تو نہ ہوئی کہ آپ اے سی میں رہ رہے ہوں اور آپ کو ٹی وی اور اخبار کی سہولت بھی حاصل ہو۔

وزیراعظم عمران خان کے بیان پر مسلم لیگ ن نے شدید تنقید کی تھی جب کہ سابق صدر آصف زرداری نے کہا تھا کہ وزیراعظم کو بتا دو کہ ہم تو بیرکوں میں رہنے کے عادی ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جیلوں سے اے سی نکلوانے کا فیصلہ پنجاب حکومت کو کرنا ہے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے نواز شریف کی جیل سے اے سی اتارے جانے کے معاملے پر چیف سیکریٹری پنجاب کو خط لکھا۔

شہباز شریف نے سیکریٹری پنجاب کو لکھا کہ پنجاب حکومت نے آئی جی جیل خانہ جات کو خط لکھ کر اے سی اتارنے کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے خط میں لکھا کہ نواز شریف کی جیل سے اے سی اتارنے کا خط میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی خلاف ورزی ہے۔

صدر مسلم لیگ ن نے سیکریٹری پنجاب کو لکھا کہ آپ کی توجہ پنجاب حکومت کے تشکیل کردہ بورڈ کی سفارشات کی جانب مبذول کرانا چاہتا ہوں۔

ان کا خط میں کہنا تھا کہ میڈیکل بورڈ کی سفارش ہے کہ نوازشریف کو مناسب درجہ حرارت والے کمرے میں رکھا جائے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا کہ مناسب درجہ حرارت میں نہ رکھنے سے نواز شریف کے گردے فیل ہو سکتے ہیں۔

شہباز شریف کا خط میں کہنا ہے کہ محکمہ داخلہ پر حیران ہوں کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق کلیدی نکتہ کو کیسے نظر انداز کر دیا، اس اقدام کے نواز شریف کی صحت پر انتہائی مضراثرات ہوں گے۔

شہباز شریف نے لکھا کہ نواز شریف کی جیل سے اے سی اتارنے کا اقدام وزیراعظم کی خواہش کے مطابق کیا گیا ہے۔

شہباز شریف مَن گھڑت خبروں سے عوام کو گمراہ نہ کریں: شہباز گل

ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے شہباز شریف کی جانب سے سیکریٹری پنجاب کو لکھے گئے پر کہا ہے شہباز شریف غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں۔

شہباز گل کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے آئی جی جیل کو کوئی خط نہیں لکھا گیا، شہباز شریف مَن گھڑت اور خودساختہ خبروں سے عوام کو گمراہ نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے معاملے پر کوئی احکامات جاری نہیں کیے گئے، تحریک انصاف کی حکومت قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔

ترجمان پنجاب حکومت نے کہا کہ سزا یافتہ قیدیوں کے لیے تمام فیصلے قانون اور جیل مینول کے مطابق کیے جائیں گے۔

شہباز گل نے کہا کہ شہباز شریف سیاسی طور پر زندہ رہنے کے لیے نواز شریف کی صحت کا سہارا لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ لیگ کے لیڈر گمراہ کُن پروپگینڈا کر کے حقائق پر پردہ نہیں ڈال سکتے، چچا بھتیجی کو غلط بیانی کے باعث مسلسل سبکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔


مزید خبریں :