پاکستان
Time 30 جولائی ، 2019

راولپنڈی: پاک آرمی ایوی ایشن کا طیارہ شہری آبادی پر گرکر تباہ، 18 افراد جاں بحق

حادثے میں 2 پائلٹ اور عملے کے 3 ارکان بھی جاں بحق ہوئے، طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا: آئی ایس پی آر— فوٹو: اے ایف پی

راولپنڈی کے علاقے موہڑہ کالو کے قریب پاک ‎آرمی ایوی ایشن کا تربیتی طیارہ شہری آبادی پر گر کرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹس سمیت عملے کے 5 ارکان اور 13 شہری جاں بحق ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق طیارہ حادثے میں 12 عام شہری جاں بحق ہوئے تاہم مقامی حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے کے نتیجے میں دو گھر مکمل طور پر تباہ ہوگئے اور اس میں موجود 13 افراد جاں بحق ہوئے۔ 

واقعے میں 12 شہری زخمی بھی ہوئے جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔طیارہ گرنے سے متعدد مکانوں میں آگ لگ گئی تھی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جائےحادثہ پر پہنچیں، امدادی ٹیموں نے حادثے کے باعث لگنے والی آگ کو بجھایا جبکہ 12 زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔ 


ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افسر راولپنڈی عبدالرحمٰن نے بتایا کہ ملبے تلے دبے تمام افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ حادثے کے بعد راولپنڈی کے تینوں بڑے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا، حادثے کی وجوہات کا تعین کیا جارہا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں 12 شہری جاں بحق ہوئے اور 12 افراد زخمی بھی ہوئے، حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کو ہولی فیملی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ 4 افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہداء میں لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ ثاقب اور لیفٹیننٹ کرنل پائلٹ وسیم شامل ہیں، ان کے علاوہ نائب صوبیدارافضل، حوالدارامین اور حوالدار رحمت بھی شہداء میں شامل ہیں۔

عینی شاہدین نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رات تقریباً 2 بجے کا وقت تھا کہ جہاز کی بالکل مختلف آواز سنی، نیچے آکر دیکھا تو جہاز گرنے کے بعد شعلے بلند ہو رہے تھے۔

طیارہ حادثے میں شہید پائلٹس اور عملے کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں آرمی چیف جنرل قمد جاوید باجوہ اور اعلیٰ فوجی حکام نے شرکت کی۔

صدر مملکت کی تعزیت

صدر مملکت عارف علوی نے طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں :