بھارت میں نادار خاتون نے سریلی آواز میں’لتا‘ کا گانا گنگنا کر توجہ حاصل کرلی

—اسکرین گریب

بھارت میں ایک نادار خاتون کی سریلی آواز میں گنگنایا گیا بالی وڈ کا صدا بہار گانا 'ایک پیار کا نغمہ ہے' سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔

'ایک پیار کا نغمہ ہے' 1972 کی فلم 'شور' کا گانا ہے جسے لیجنڈری گلوکارہ لتا منگیشکر نے اپنی سُریلی آواز میں گایا تھا، یہ گانا آج بھی جب سنا جاتا ہے تو کانوں میں رس گھول دیتا ہے۔

 بھارت کے جنوبی بنگال کے ریلوے اسٹیشن سے ایک نادار خاتون کی ویڈیو وائرل ہے جس میں خاتون اپنی میٹھی آواز میں لتا کا گانا 'ایک پیار کا نغمہ ہے' گنگنا رہی ہیں۔

بھارتی نیوز سائٹ این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ ویڈیو فیس بک پیج ' برپیتا ٹاؤن دی پلیس آف پیس' پر گزشتہ اتوار پوسٹ کی گئی تھی جسے رناگھت ریلوے اسٹیشن پر بنایا گیا تھا۔

دیکھتے ہی دیکھتے خاتون کی آواز کو اتنا پسند کیا گیا کہ ان کی ویڈیو کو اب تک 20 لاکھ صارفین دیکھ چکے ہیں۔

صارفین کا کہنا ہے کہ خاتون کی شاندار آواز اس ویڈیو کو بار بار دیکھنے پر مجبور کرتی ہے۔