غلام سرور خان کا حاصل بزنجو کیخلاف غداری ایکٹ کے تحت کارروائی کا مطالبہ

حاصل بزنجو کا قومی ادارے کے سربراہ سے متعلق بیان افسوسناک ہے، وہ بھارت، 'را' اور ملک دشمنوں کی زبان بول رہے ہیں، وفاقی وزیر برائے شہری ہوابازی — فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے شہری ہوابازی غلام سرور خان نے سینیٹر حاصل بزنجو کے خلاف غداری ایکٹ کے تحت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

غلام سرور خان نے اپنے بیان میں کہا کہ حاصل بزنجو کا قومی ادارے کے سربراہ سے متعلق بیان افسوسناک ہے، وہ بھارت، 'را' اور ملک دشمنوں کی زبان بول رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے اپنے ہی لوگوں کو بکاؤ کہہ کر خود کو، سیاست کو اور سینیٹ کو بدنام کر رہے ہیں، سینیٹ الیکشن میں کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوئی، نہ جہانگیر ترین کا کوئی کردار ہے، نہ ہی پیسا چلا ہے، ایسی باتیں کرنے والے خود ضٕمیر فروش اور بکاؤ ہیں۔

واضح رہے کہ یکم اگست کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو تبدیل کرنے کی اپوزیشن اور ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا کی تبدیلی کی حکومتی کوششیں ناکام ہوگئیں۔

اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی تھی اور اپوزیشن نے حاصل بزنجو کو متفقہ امیدوار نامزد کیا تھا۔

تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد سینیٹر حاصل بزنجو نے بیان دیا تھا جس میں قومی ادارے کے سربراہ کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی تھی جس پر پاک فوج کے ترجمان نے ان کے بیان کو بے بنیاد قرار دیا تھا۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ معمولی سیاسی فائدے کے لیے جمہوری عمل کو بدنام کرنے کا رجحان جمہوریت کی خدمت نہیں۔

گوجرانوالہ کی سیشن عدالت نے بھی قومی ادارے کے سربراہ کو متنازع بنانے کی کوشش پر نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر حاصل بزنجو کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرلیا ہے اور انہیں 8 اگست کو طلب کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :