'بلما بھگوڑا' کرنا تھا تو کیوں کہا 'میں آئٹم نمبر نہیں کروں گی'

مایا علی کی نئی فلم ' پرے ہٹ لو' کا حال ہی میں ریلیز ہونے والا گانا 'بلما بھگوڑا' مداحوں کے لیے مایوس کن ثابت ہوا جس کے باعث اداکارہ تنقید کا شکار ہیں—. ٹوئٹر فوٹو

اداکارہ مایا علی نے گزشتہ برس اپنی ڈیبیو فلم میں 'آئٹم نمبر نہیں کروں گی' سے مداحوں کی خوب داد سمیٹی لیکن 'بلما بھگوڑا' کرکے اداکارہ تنقید کا شکار ہوگئی ہیں۔

مایا علی ان دنوں بڑی عید پر ریلیز ہونے والی نئی فلم 'پرے ہٹ لو' کی تشہیر میں مصروف ہیں جن میں وہ اداکار شہریار منور کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔

یوں تو فلم کے چند گانے ریلیز کردیے گئے ہیں جن کو شائقین نے قابل ستائش قرار دیا لیکن حال ہی میں ریلیز ہونے والا گانا 'بلما بھگوڑا' مداحوں کے لیے مایوس کن ثابت ہوا۔

فلم ساز نے 'بلما بھگوڑا' گانے کو آئٹم نمبر قرار نہیں دیا لیکن دیکھ کر یہی لگتا ہے کہ یہ کوئی بالی وڈ آئٹم گانا ہے۔

خیال رہے کہ مایا علی نے گزشتہ برس ڈیبیو فلم 'طیفا ان ٹربل' میں آئٹم گانا کرنے سے انکار کیا تھا جس کا انکشاف انہوں متعدد انٹرویوز میں بھی کیا۔

یہی وجہ ہے کہ فلم ' پرے ہٹ لو' کا گانا 'بلما بھگوڑا' اداکارہ کے لیے تنقید کا باعث بن گیا ہے۔

متعدد مداحوں کی جانب سے گانے کی کوریوگرافی کو ناقص کہا جارہا ہے جب کہ مایا علی کا رقص اور مختصر لباس بھی تنقید کی زد میں ہے۔


حنا نامی مداح لکھتی ہیں کہ جب بلما بھگوڑا کرنا تھا تو یہ کیوں کہا کہ 'میں آئٹم نمبر نہیں کروں گی جو کرنا ہے کروالے'، آپ طیفا ان ٹربل میں بہت پیاری لگیں لیکن اس گانے نے آپ کا امیج خراب کردیا ہے۔

دعا نامی صارف نے کہا کہ اس گانے نے فلم کو برباد کردیا ہے۔

عقیل نامی صارف نے لکھا کہ پاکستانی فلم ساز یہ کب سمجھیں گے کہ پاکستانی فلم بین آئٹم گانے دیکھنا نہیں چاہتے۔

گانے میں مایا علی اور شہریار منور کے ساتھ معاون اداکار بھی رقص کرتے دکھائی دیے ہیں۔

اس گانے میں آئمہ بیگ نے صداکاری کی ہے جس میں ان کے ساتھ سونل نائک، راجیو سندریسان، وینا جوشی اور وکاس جوشی نے آواز ملائی ہے۔

گانے کے درمیان ریپ میں شہریار منور اور فلم میں معاون کردار ادا کرنے والے احمد علی بٹ کی آواز شامل ہے۔

'بلما بھگوڑا ' گانے کی شاعری فلم کے ہدایت کار عاصم رضا اور احمد علی بٹ نے تحریر کی جب کہ موسیقی اذان سمیع خان نے ترتیب دی ہے۔



مزید خبریں :