دنیا
Time 08 اگست ، 2019

کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی اقدام سے فوری نمٹنا ہوگا: لنزے گراہم

امریکی ریپبلکن سینیٹر لنزے گراہم— فوٹو اے پی 

امریکی ریپبلکن سینیٹر لنزے گراہم کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی اقدام سے فوری نمٹنا ہوگا۔

امریکی سینیٹر لنزے گراہم نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا جس کے حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا ٹوئٹر پیغام میں آگاہ کیا۔

لنزے گراہم نے بتایا کہ پاکستانی وزیرخارجہ سے ٹیلی فونک رابطے میں کشمیر میں بڑھتی کشیدہ صورتحال پر بات ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ مزید کشیدگی بڑھنے سے پہلے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارتی اقدام سے فوری نمٹنا ہوگا۔


ٹوئٹر پیغام میں امریکی سینیٹر نے حالیہ صورتحال پر امید ظاہر کرتے ہوئے مزید کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ پاک بھارت تناؤ کم کرنے میں دونوں کو تعاون فراہم کرے گی۔

لنزے گراہم نے پیغام کے آخر میں واضح کیا کہ کشمیر پر پاک بھارت فوجی محاذ آرائی خطے اور دنیا کے لیے نقصان دہ ہوسکتی ہے۔


خیال رہے کہ بھارت نے صدارتی حکم نامے کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 کو ختم کر دیا تھا جب کہ بھارتی لوک سبھا نے بھی آرٹیکل 370 ختم کرنے کی منظوری دیدی تھی۔

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے واقعے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں :