14 اگست عید الاضحیٰ کے تیسرے روز قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا

پاکستان کا 73 واں یوم آزادی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا۔ فوٹو: اے ایف پی

عید الا ضحی کے تیسرے روز 14 اگست کو یوم آزادی قومی جوش و جذبے اور شایان شان طریقے سے منایا جائے گا۔

دن کا آغاز نماز فجر کے بعد تمام بڑی مساجد میں وطن عزیز کی سلامتی، ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی، قومی یکجہتی اور وطن عزیز کی خدمت کی توفیق اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے خصوصی دعاﺅں سے ہو گا۔

پاکستان کا 73 واں یوم آزادی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جائے گا اور اس موقع پر وزیراعظم عمران خان آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔

جشن آزادی کے سلسلے میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اداروں، سماجی تنظیموں اور نظریہ پاکستان فورم اور دیگر شعبوں کی جانب سے مختلف نوعیت کے پروگرامز ترتیب دئیے گئے ہیں، جس کے دوران سیمینارز، میٹنگز، کانفرنسز اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کے مابین تقریری و مضمون نویسی کے مقابلے منعقد ہوں گے جب کہ یونیورسٹیوں اور مختلف تعلیمی اداروں میں بھی جشن آزادی کے پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔

عید کی تیاریوں کے سا تھ ساتھ یوم آزادی کے سلسلے میں بھی ملک بھر کے بازاروں، مارکیٹوں، شاہراہوں کو رنگ برنگی جھنڈیوں، قومی پرچموں کے ساتھ سجایا گیا ہے جب کہ رات کو سرکاری و غیر سرکاری عمارتوں پر چراغاں بھی کیا جائے گا۔

مزید خبریں :