بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، سیز فائر کی خلاف ورزی پر احتجاج

بھارتی فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے: دفترخارجہ کا احتجاجی مراسلہ  — فوٹو: فائل 

اسلام آباد: پاکستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فوج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی اور شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ پر بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترخارجہ طلب کرلیا۔

دفترخارجہ کے مطابق گزشتہ روز بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی کے تتہ پانی سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک شہری سرفراز احمد شہید ہوا۔ 

ترجمان نے بتایا کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر گورو اہلووالیا کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا جہاں ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیاء و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے گزشتہ روز بھارتی فوج کی شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری میں شہری کی شہادت پر احتجاجی مراسلہ تھمایا۔ 

دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری پر مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے، بھارتی فوج خودکار اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کررہی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت 2017 سے مسلسل جنگ بندی معاہدے کے خلاف ورزی کررہا ہے، بھارت کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کے خلاف ورزی خطے کیلئے خطرہ ہے لہٰذا بھارت جنگ بندی معاہدے کا احترام کرے۔

یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے مسلسل لائن آف کنٹرول پر شہری آبادی کو نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک کئی شہری اور فوجی جوان شہید ہوچکے ہیں۔

مزید خبریں :