اگر کوئی محدود جنگ ہوئی تو وہ غیر محدود نیوکلیئرونچر ہوگی: صدر آزاد کشمیر


اسلام آباد: صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا ہےکہ  اگر کوئی محدود جنگ ہوئی تو وہ محدود نہیں رہے گی بلکہ غیر محدود جنگ نیوکلیئرونچر ہوگی اور تابکاری اثرات سے ڈھائی ارب لوگ متاثر ہوں گے۔

اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل اور میدان جنگ میں تبدیل کردیا ہے، مودی حکومت اپنے مکروہ اقدامات سے دنیا کو گمراہ کررہی ہے، مقبوضہ کشمیر میں عارضی حراستی مراکز قائم کیے گئے ہیں اور نسل کشی کا آغاز ہوچکا ہے، بھارت مقبوضہ وادی میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرنا ان کی بنیادی ذمے داری ہے، اگر کوئی محدود جنگ ہوئی تو وہ محدود نہیں رہے گی، غیر محدود جنگ نیوکلیئرونچر ہو گی، تابکاری اثرات سے ڈھائی ارب لوگ متاثر ہوں گے اور اس کے پوری دنیا پر بھی اثرات ہوں گے، خطے سے بہت بڑی تعداد میں مہاجرین یورپ، امریکا اور دیگر ممالک کا رخ کریں گے، پوری دنیا میں کساد بازاری آئے گی۔

صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر ایک بین الاقوامی معاملہ ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں، مقبوضہ کشمیر کی خبریں جو پہنچ رہی ہیں اس سے ابھرنے والی تصویر بھیانک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس ایک اہم پیش رفت ہے جو نکتہ آغاز ہے، سلامتی کونسل سے مکمل رابطے میں رہیں گے کیونکہ آنے والے دن مزید خراب ہو سکتے ہیں، اس مسئلے کا نتیجہ نکلنا چاہیے، تمام مغربی ممالک مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر خاموش ہیں، مغربی ممالک کی تنظیموں کا دہرا معیار ہے۔

سردار مسعود خان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں عورتوں کی بے حرمتی اور لوگوں کو غائب کیا جا رہا ہے، وادی کو بھارت کے ساتھ زبردستی منسلک نہ کیا جائے، ریاست پاکستان 5 مستقل اور غیر مستقل اراکین اقوام متحدہ کے ساتھ رابطے میں ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ سفارتی اور سیاسی محاذ پر لڑیں گے۔

مزید خبریں :