دنیا
Time 20 اگست ، 2019

بھارتی ائیرچیف نے اپنی فضائیہ کی صلاحیتوں کا بھانڈا پھوڑ دیا

ہم اب بھی مگ 21 طیارے اُڑارہے ہیں، اتنی پرانی تو کوئی گاڑیاں بھی نہیں چلاتا: بھارتی ائیرچیف کا وزیردفاع کی موجودگی میں اعتراف— فوٹو: فائل

بھارتی ائیر فورس کے سربراہ بریندر سنگھ دھنووا نے اپنے ہی ادارے کے مخدوش حالات کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

گزشتہ دنوں بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے دنیا کا امن خطرے میں ڈالتے ہوئے ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق پالیسی میں تبدیلی کی دھمکی دی تھی لیکن اب بھارت کے ائیر چیف نے خود ہی اپنے ادارے کے مخدوش حالات کا بھانڈا پھوڑ ڈالا ہے۔ 

بھارتی ائیرچیف بریندر سنگھ دھنووا نے نئی دہلی میں ہونے والے سیمینار میں بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کی موجودگی میں کہا کہ مگ 21 طیارے 44 سال پرانے ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اب بھی مگ 21 طیارے اُڑارہے ہیں، اتنی پرانی تو کوئی گاڑیاں بھی نہیں چلاتا۔

خیال رہے کہ روسی ساختہ مگ 21 طیارے بھارتی فضائی بیڑے میں 74-1973 میں شامل کیے گئے تھے اور یہ طیارے اب بھی بھارتی فضائیہ استعمال کرتی ہے۔ 

کئی مگ 21 طیارے دوران پرواز حادثات کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ رواں سال فروری میں پاکستان نے بھارتی طیارے مار گرائے تھے جس میں ایک مگ 21 بھی شامل تھا۔ 

پاکستان نے گرائے جانے والے مگ 21 کے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا تھا جسے بعد ازاں پروقار طریقے سے واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارتی حکام کے حوالے کیا گیا۔ 

مزید خبریں :