مہوش حیات عالمی تبدیلی کیلئے کوشاں 5 مسلم خواتین کی فہرست میں شامل

ان خواتین میں امریکی رکن پارلیمنٹ الہان عمر، لنڈا سرسور اور امریکن ایتھلیٹ ابتہاج محمد شامل ہیں — فوٹو: پینی اپیل آفیشل 

پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کا نام عالمی سطح پر خواتین کے حقوق اور مختلف شعبوں میں مثبت تبدیلی کیلئے کوشاں 5 مسلم خواتین  کی فہرست میں شامل کرلیا گیا۔ 

بین الاقوامی میگزین ’دی مسلم وائب‘ نے خواتین کی معاشرے میں کاوشوں کے سلسلے میں ایک مضمون شائع کیا جس میں دنیا بھر سے 5 خواتین کے نام شامل کیے گئے۔

اس فہرست میں ان خواتین کو شامل کیا گیا جو معاشرے کی بہتری کیلئے کوششوں میں مصروف ہیں اور ساتھ ہی خواتین کیلئے مشعل راہ  بھی ہیں۔

میگزین کی جانب سے جاری کردہ مضمون میں خواتین کی فہرست میں پاکستانی اداکارہ مہوش حیات بھی شامل ہیں جنہیں خواتین کے حقوق، لڑکیوں کی تعلیم، انسانی حقوق اور فلاحی کاموں میں حصہ لینے پر اس فہرست میں جگہ ملی ہے۔ 


مہوش حیات نے عالمی تبدیلی کیلئے کوشاں خواتین کی فہرست میں نام شامل ہونے پر ٹوئٹ کرکے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

منال رستم

مصر سے تعلق رکھنے والی ایتھلیٹ منال رستم— فوٹو: فائل 

اس فہرست میں پہلے نمبر پر مصر سے تعلق رکھنے والی ایتھلیٹ منال رستم ہیں جو  کئی فلاحی کاموں میں مصروف ہیں اور ساتھ ہی خواتین کی بہبود کیلئے بھی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔

الہان عمر

امریکی مسلم رکن پارلیمنٹ الہان عمر— فوٹو: فائل 

امریکی مسلم رکن پارلیمنٹ الہان عمر  بھی اس فہرست میں شامل ہیں جن کو مسلم بھائی چارگی کے فروغ کیلئے کام کرنے پر دھمکیوں کا سامنا بھی رہتا ہے۔ 

وہ سیاست کے ساتھ ساتھ سماجی کاموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔

لِنڈا سرسور 

فلسطینی نژاد امریکی سماجی خاتون لنڈا سرسور— فوٹو: فائل

فلسطینی نژاد امریکی سماجی خاتون لنڈا سرسور بھی 5 خواتین کی فہرست میں شامل ہیں، انہیں 2017 میں 100 بااثر خواتین کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا تھا۔ 

ابتہاج محمد

ابتہاج محمد کا تعلق بھی امریکا سے ہے اور یہ ایتھلیٹ ہیں— فوٹو: فائل 

ابتہاج محمد کا تعلق بھی امریکا سے ہے اور یہ ایتھلیٹ ہیں، انہوں نے حجاب پہن کر اولمپکس مقابلوں میں امریکا کی نمائندگی کی تھی اور انہیں کافی شہرت حاصل ہوئی تھی۔ 

مزید خبریں :