کراچی: ڈاکٹر حیدر عسکری کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی

ملزمان موٹرسائیکل پر سوار تھے، ڈاکٹر عسکری گھر سے جب نکلے تو گھر کے قریب موجود ملزمان نے ان کی کار روکنے کی کوشش کی— فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ڈاکٹر کے قتل کی سی سی ٹی وی ویڈیو جیو نیوز کو موصول ہوگئی، مقتول کو موٹرسائیکل سوار ملزمان نے نشانہ بنایا۔

کراچی کی علاقے گلشن اقبال کے ڈی اے مارکیٹ کے قریب ڈاکٹر حیدر عسکری کو قتل کرنے کی سی سی ٹی وی جیونیوز کو موصول ہو گئی ہے، واردات میں دو دہشت گرد شامل ہیں۔

ملزمان موٹرسائیکل پر سوار تھے، ڈاکٹر عسکری گھر سے جب نکلے تو گھر کے قریب موجود ملزمان نے ان کی کار روکنے کی کوشش کی۔

ڈاکٹر عسکری نے کار نہیں روکی اور آگے جانے کی کوشش کی تو ایک ملزم نے پیچھے سے فائر کردیا۔ سی سی ٹی وی میں ملزمان اطمینان سے کارروائی کرنے کے بعد فرار ہوتے دیکھے جاسکتے ہیں۔

تفتیشی ذرائع بتاتے ہیں کہ موقع سے 30 بور پستول کا ایک خول ملا جو فرانزک کرلیا گیا ہے، یہ ہتھیار ماضی میں کبھی استعمال نہیں کیا گیا۔

ٹارگٹ کلنگ کا مقدمہ گلشن اقبال تھانے میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ انسداد دہشتگردی اور قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت درج ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول سندھ گورنمنٹ اسپتال کورنگی میں ماہر امراض قلب تھے۔


مزید خبریں :