دنیا
Time 01 ستمبر ، 2019

امریکی صدر بننے کے خواہشمند ڈیموکریٹس امیدوار بھی کشمیر کی حمایت میں بول پڑے


ڈیموکریٹک پارٹی کے رہنما اور امریکی صدارتی امیدوار بننے کے خواہشمند امیدوار برنی سینڈرز نے ٹرمپ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کی حمایت کی جائے۔

ہیوسٹن میں اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا کے سالانہ کنوینشن سے خطاب میں برنی سینڈرز نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے اقدامات ناقابل قبول ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیکیورٹی کے نام پر کریک ڈاون کر کے کشمیریوں کے حقوق چھینے گئے ہیں اور کشمیریوں کو طبی سہولتوں تک رسائی بھی حاصل نہیں ہے۔

برنی سینڈرز نے مطالبہ کیا کہ مواصلاتی رابطوں کی معطلی فوری ختم کی جائے اور کشمیر میں نافذ کرفیو فوری طور پر ختم کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت کو انسانی حقوق کے لیے بھرپور آواز اٹھانی چاہیے اور کشمیریوں کی خواہش کے مطابق اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت پُرامن حل پر زور دینا چاہیے۔


مزید خبریں :