کھیل
Time 07 ستمبر ، 2019

عبدالقادر دنیائے کرکٹ کو بھی افسردہ کر گئے


قومی ٹیم کے لیجنڈری بولر عبدالقادر کے انتقال کی خبر نے ناصرف پاکستان بلکہ دنیائے کرکٹ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں کو بھی افسردہ کر دیا ہے۔

قومی ٹیم کے سابق لیگ اسپنر کے عبدالقادر گزشتہ روز حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے تھے۔

صدر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی، چیئرمین پی سی بی احسان مانی، قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور ساتھ کھلاڑیوں سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے عبدالقادر کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کیا۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق، وقار یونس، شاہد خان آفریدی، مشتاق احمد سمیت دیگر کھلاڑیوں نے بھی لیجنڈری بولر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔

پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے بھی عبد القادر کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عبدالقادر بلائنڈ کرکٹ کے بہت بڑے سپورٹر تھے۔

ترجمان پاکستان بلائنڈ کرکٹ نے کہا کہ عبد القادر نے ہمیشہ کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی، ہم نے ایک اچھا انسان اور عظیم کھلاڑی کھو دیا، یہ بلائنڈ کرکٹ کے لیے صدمے کا وقت ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں عبدالقادر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔


بھارتی کرکٹر بشن سنگھ بیدی نے کہا کہ عبد القادر بڑے دل والا ساتھی کرکٹر تھا، عبدالقادر کی اسپن بولنگ میں خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

بھارتی کرکٹر روی چندر ایشون نے کہا کہ عبدالقادر پاکستان میں اسپن بولنگ کا ایک بہت بڑا نام تھے۔

ہربھجن سنگھ نے کہا کہ عبدالقادر سے دو سال پہلے ملاقات ہوئی تھی، وہ ایک چیمپئن بولر تھے، ان کی کمی ہمیشہ محسوس ہو گی۔

بھارتی بلے باز وی وی ایس لکشمن نے کہا کہ عبدالقادر دنیا کے بہترین لیگ اسپنرز میں سے ایک تھے، ان کے بولنگ کے منفرد انداز نے ہمیشہ سحر میں مبتلا کیا۔

آسٹریلوی اسپنر شین وارن نے عبدالقادر کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عبدالقادر کے انتقال کی خبر کافی افسوس ناک ہے۔

شین وارن نے کہا کہ 1994 میں عبدالقادر سے ملاقات ہوئی تھی، لیگ اسپن کرنے والے بہت سے کھلاڑی عبدالقادر سے ہی متاثر تھے۔

انہوں نے کہا کہ عبدالقادر کا ریکارڈ بھی شاندار ہے، انہوں نے کئی مخالف بلے بازوں کو اپنی جادوئی بولنگ کے ذریعے پریشان کیا۔

سابق آسٹریلوی کرکٹر اور کوچ ڈین جونز نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ عبدالقادر کی وفات کا سن کر مجھے بہت دکھ ہوا۔

جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر نے کہا کہ عبدالقادر میرے گرو اور مینٹور تھے، عبدالقادر کے انتقال کا سن کر بہت افسوس ہوا۔

عمران طاہر نے کہا کہ عبدالقادر نے زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی کی، وہ میرے لیے والد کی طرح تھے۔

ویسٹ انڈین کرکٹر ٹینو بیسٹ نے بھی عبدالقادر کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

مزید خبریں :