پاکستان
Time 09 ستمبر ، 2019

ملک بھر میں نو محرم کے جلوس و مجالس، کئی شہروں میں موبائل فون سروس معطل


کربلا میں نواسہ رسول حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ اور اُن کے ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں چھوٹے بڑے شہروں میں آج نو محرم الحرام کے جلوس نکالے گئے۔

راولپنڈی کی امام بارگاہ یادگار حسین ،کمرشل مارکیٹ سے علم کا جلوس برآمد ہوا جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ یادگار حسین پر اختتام پذیر ہوا۔

اسلام آباد میں نو محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثنائے عشری برآمد ہوا جب کہ لاہور میں مرکزی جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا اور روایتی راستوں پر رواں دواں ہے۔

پشاور میں شبیہہ ذوالجناح کاجلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال سے برآمد ہوا جو  صدر روڈ، فخرعالم روڈ،کالی باڑی اور چوک فوارہ سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ہال پر پہنچ کر ختم ہوا۔

کراچی میں مرکزی جلوس نشترپارک سے دوپہر 12 بجے برآمد ہوا جو پیپلز چورنگی، صدر دواخانہ، پریڈی اسٹریٹ، بولٹن مارکیٹ اور کھارادر سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگیا۔ 

سیکیورٹی انتظامات

ملک بھر  محرم الحرام کے جلوس و مجالس کے سلسلے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

کراچی سمیت کئی شہروں میں صبح سے ہی موبائل فون سروس معطل رہی جب کہ یوم عاشور کو بھی موبائل فون سروس معطل رکھی جائے گی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی سمیت کسی بھی علاقے میں موبائل فون سروسز بند یا کھولنے کا اختیار کمشنر اور ڈی آئی جیز کو دے دیا، کراچی، حیدرآباد، سکھر، نواب شاہ، میرپور خاص اور لاڑکانہ ڈویژن کے افسران کو اختیار تفویض کر دیے گئے ہیں۔

مزید خبریں :