پاکستان
Time 10 ستمبر ، 2019

کربلا کا پیغام ظلم وناانصافی کیخلاف اور سچ پرہمت کیساتھ کھڑے رہنا ہے: وزیراعظم

ظلم کےخلاف جدوجہد اسی طرح کامیاب ہوگی جیسے کربلا کے شہداء نے ہمیں دکھایا: عمران خان کی عاشورہ کے اختتام پر ٹوئٹ — فوٹو:فائل 

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کربلا کا پیغام ظلم و ناانصافی کے خلاف اور سچ پرہمت کے ساتھ کھڑے رہنا ہے۔

وزیراعظم کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھاکہ عاشورہ کے اختتام پر پاکستانی بالخصوص بہادر کشمیری کربلا کا پیغام زندہ رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ کربلا کا پیغام ظلم ونا انصافی کے خلاف اور سچ پر ہمت کے ساتھ کھڑے رہنا ہے، ظلم کےخلاف جدوجہد اسی طرح کامیاب ہوگی جیسے کربلا کے شہداء نے ہمیں دکھایا۔


خیال رہے کہ نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں نے کربلا کے میدان میں 10 محرم کو اسلام کی بقاء کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ایسی مثال قائم کی جس نے رہتی دنیا تک حق اور باطل کے درمیان واضح حد قائم کردی۔

آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں رہنے والے مسلمانوں نے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ان کے ساتھیوں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا، ان کی یاد میں ماتمی جلوس نکالے گئے اور عزاداری کی گئی۔

یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل 37 ویں روز بھی لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث وادی میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔ 

قابض انتظامیہ نے محرم الحرام کے موقع پر جلوس نکالنے پر بھی پابندی عائد کررکھی ہے اور گزشتہ دنوں ہونے والے جلوسوں پر بھارتی فوج نے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

مزید خبریں :