دنیا
Time 11 ستمبر ، 2019

علی بابا کے چیئرمین جیک ما عہدے سے سبکدوش

جیک ما عہدے سے فارغ ہونے کے بعد بھی ہمیشہ کے لیے علی بابا پارٹنرشپ میں ساتھ رہیں گے— ٹیک کرنچ فوٹو

دنیا کی مقبول ای کامرس کمپنی علی بابا کے چیئرمین جیک ما عہدے سے سبکدوش ہو گئے۔

گزشتہ روز جیک ما نے علی بابا کے سی ای او ڈینیئل ژانگ کو اپنا استعفیٰ جمع کرایا اور بطور چیئرمین تمام خدمات کو خیرباد کہا۔

جیک ما کی سبکدوشی سے متعلق گزشتہ برس ہی اعلان کر دیا گیا تھا تاہم وہ آئندہ برس ہونے والی سالانہ جنرل شیئر ہولڈرز میٹنگ میں علی بابا کے بورڈ کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔

اس کے علاوہ جیک ما ہمیشہ کے لیے علی بابا پارٹنرشپ میں ساتھ رہیں گے جس کا فیصلہ علی بابا گروپ کی سینیئر انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق جیک ما نے گزشتہ برس کہا تھا کہ وہ آہستہ آہستہ علی بابا گروپ کو خیرباد کرنے کا فیصلہ کر رہے ہیں۔

جیک ما کا کہنا تھا کہ ایک وعدہ جو میں کر سکتا ہوں وہ یہ ہے کہ علی بابا جیک ما سے نہیں تھا لیکن جیک ما ہمیشہ علی بابا سے منسلک رہے گا۔

واضح رہے کہ جیک ما نے علی بابا کمپنی میں سی ای او کے عہدے کو 2013 میں خیرباد کہا تھا جس کے بعد وہ چیئرمین کے عہدے پر فائز ہوئے تھے۔

بطور چیئرمین جیک ما نے کمپنی کو ای کامرس کے گرتے کاروبار سے باہر نکالا اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جیک ما چین میں ماضی کے انگریزی ٹیچر تھے اور انہوں نے عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر ہی علی بابا کے چیئرمین کے عہدے کو الوداع کہا۔

جیک ما نے اپنی باقی ماندہ زندگی تعلیمی خدمات میں صرف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مزید خبریں :