پاکستان
Time 11 ستمبر ، 2019

چرس کے استعمال میں کراچی دنیا کا دوسرا بڑا شہر بن گیا

اس فہرست میں امریکا کے 3 اور بھارت کے 2 شہر جبکہ قاہرہ، لندن، ماسکو اور ٹورنٹو بھی شامل ہیں— فوٹو: فائل

پاکستان کا معاشی حب کراچی چرس کے استعمال میں دنیا میں دوسرے نمبر پر آگیا۔

بین الاقوامی سروے کے ادارے نے دنیا بھر میں چرس کے استعمال، اس کی قانونی حیثیت اور مختلف شہروں میں قیمت کے حوالے سے سروے کے نتائج شائع کیے ہیں۔

سروے میں 120 ممالک سے معلومات اکٹھی کی گئیں جس کے مطابق سال 2018 میں سب سے زیادہ چرس امریکی شہر نیویارک میں استعمال کی گئی جس کا تخمینہ 77.44 میٹرک ٹن ہے۔

— فوٹو: اسکرین گریب 

اس فہرست میں کراچی دوسرے نمبر پر ہے جہاں 41.95 میٹرک ٹن یعنی 41 ہزار 950 کلوگرام چرس استعمال کی گئی۔

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی ، امریکی شہر لاس اینجلس، مصر کا دارالحکومت قاہرہ اور بھارتی شہر ممبئی بالترتیب تیسرے، چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر ہیں۔

جرمن ادارے ڈوئچے ویلے کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار — فوٹو: ڈی ڈبلیو

اس فہرست میں لندن، شکاگو، ماسکو اور ٹورنٹو بھی شامل ہیں۔

کراچی، قاہرہ اور لندن کے علاوہ باقی تمام ممالک میں چرس پر جزوی پابندی ہے ، پابندی کے باوجود چرس کے استعمال میں کراچی کا دنیا میں دوسرے نمبر پر آنا متعلقہ اداروں اور حکام کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

مزید خبریں :