پاکستان
Time 12 ستمبر ، 2019

بلدیو کمار کتنی بار بھارت گیا؟

فوٹو: انڈین میڈیا

پی ٹی آئی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی سورن سنگھ قتل کیس میں ملوث بلدیو کمار کب بھارت منتقل ہوئے اور وہ اب تک کتنی بار بھارت جا چکے ہیں، اس کی تفصیلات منظر عام پر آ گئی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے سورن سنگھ کے قتل میں ملوث ہونے پر بلدیو کمار کی پارٹی رکنیت ختم کر دی تھی۔

جیو نیوز کے پاس موجود دستاویز کے مطابق بلدیو کمار 12 اگست کو ساڑھے 12 بجے پاسپورٹ نمبر اے ایم 4222903 پر پیدل واہگہ باڈر کے ذریعے بھارت گیا جبکہ اپنے بیوی بچوں کو وہ تین ماہ قبل ہی بھارت منتقل کر چکا ہے۔

بلدیو کمار 2005 سے 2009 کے درمیان 4 مرتبہ واہگہ کے راستے بھارت جا چکا ہے۔

بلدیوکمار کا دس سالہ بیٹا اور گیارہ سالہ بیٹی ہے جب کہ اس کی بیوی بھارتی شہری ہے۔

2013 میں سورن سنگھ کے اقلیتی رکن منتخب ہونے پر بلدیو کمار کو سخت رنج تھا اور ڈاکٹر سورن سنگھ اور بلدیو کمار کے درمیان اختلافات تھے جس پر مبینہ طور پر بلدیو کمار نے دیگر افراد کے ساتھ مل کر سورن سنگھ کو 2016 میں قتل کروا دیا تھا۔

پی ٹی آئی نے قتل میں ملوث ہونے پر بلدیو کمار کی پارٹی رکنیت ختم کر دی تھی۔ اس حوالے سے وزیراطلاعات خیبرپختونخواشوکت یوسفزئی نے جیونیوز سے بات چیت میں بتایا کہ بلدیو کمار جرائم پیشہ شخص ہے، حکومت اس کے خلاف عدالت گئی لیکن وہ کیس سے بچنے کے لیے بھارت فرار ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ بلدیو کمار پر سوات میں شراب اور دیگر نشہ آور اشیاء بیچنے پر مقدمات درج ہیں۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کرمنل لوگوں کو پناہ دینا مودی سرکار کا شیوہ ہے مودی اگر اس کو رکھتا ہے تو ہمیں خوشی ہو گی۔

ان کا کہناتھا کہ جتنی انسانی حقوق کی پامالی بھارت میں ہو رہی ہے وہ پوری دنیا جانتی ہے، بھارت کشمیر میں ظلم کر رہا ہے۔

مزید خبریں :