پاکستان
Time 12 ستمبر ، 2019

'پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، آئینی اور سفارتی معاونت جاری رکھے گا'


وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی جنیوا کے تین روزہ کامیاب دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی اسلام آباد ائیرپورٹ آمد پر  پورا لاؤنج "پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان" کے نعروں سے گونج اٹھا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جمہوریت کی جھوٹی دعویدار بھارتی حکومت کا سفاکانہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے جس کے باعث آج دنیا مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم پر بھارت کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، آئینی اور سفارتی معاونت جاری رکھے گا اور ہم ہر فورم پر کشمیریوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

اس دوران انہوں نے کشمیری بھائیوں کو باور بھی کروایا کہ وہ حقوق کی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جینوا میں تین روزہ دورے کے دوران  اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں مشترکہ بیان پیش کیا جس میں 58 ملکوں نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر 5 مطالبات کا ذکر کیا۔

مشترکہ بیان میں بھارت سے کہا گیا کہ وہ کشمیریوں سے جینے کا حق نہ چھینے۔

جنیوا میں انسانی حقوق کونسل سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت نے 6 ہفتوں سے حریت قیادت کو نظر بندکررکھا ہے، بھارت مقبوضہ وادی میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتاہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بری جیل بنادیا ہے، وادی میں مسلسل کرفیو کے باعث خوراک اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔

مزید خبریں :