پاکستان
Time 13 ستمبر ، 2019

مودی کو جواب دینے کا وقت آ گیا ہے: شیخ رشید


وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو جواب دینے کا وقت آ گیا ہے۔

مظفرآباد کے سینٹرل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ کشمیر کا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مودی کی عقل جواب دے چکی ہے، مقبوضہ وادی میں حریت رہنماؤں کو گرفتار کیاجا رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کمزور ہو سکتی ہے، دفاع کمزور نہیں ہے، مودی کو جواب دینے کا وقت آگیا ہے، مودی پھنس گیا ہے اسے جانے نہیں دیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ کوئی ملک جنگ نہیں چاہتا لیکن مودی نے مکمل منصوبہ بندی کے ساتھ آرٹیکل 370 کو ختم کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان آج آزاد کشمیر میں تاریخی خطاب کرنے جا رہے ہیں اور 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان دنیا کو واضح پیغام دیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ مودی فاشسٹ نے 303 سیٹوں میں سے کسی مسلمان کا نام نہیں دیا، مودی سرکار نے آسام میں 20 لاکھ مسلمانوں کو دوسرے درجے کا شہری بنا دیا ہے، مودی نے اسلام اور مسلمانوں کےخلاف اعلان جنگ کیا ہے۔

انہوں نے 22 ستمبر کو ایل او سی کے سماہنی سیکٹر کے دورے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 27 ستمبر کے بعد مقبوضہ کشمیریوں کو کال دوں گا۔

ان کا کہنا ہے کہ سمجھوتہ اور تھر ایکسپریس بند کر دیں، ننکانہ صاحب کے لیے ٹرین چلاؤں گا،

شیخ رشید نے کہا اپوزیشن سے درخواست ہے کہ مسئلہ کشمیر کو سیاست سے بالا تر رکھے، سب کشمیر کے لیے ایک ہو جاؤ، باقی نیب کو اپنا کام کرنے دو۔

مزید خبریں :