پاکستان
Time 15 ستمبر ، 2019

قومی یکجہتی ایٹم بم سے زیادہ اہم چیز ہے: امیر جماعت اسلامی

فوٹو: جماعت اسلامی/ٹوئٹر

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ قومی یکجہتی اور اتحاد ایٹم بم سے زیادہ اہم چیز ہے۔

کوئٹہ میں قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی قائم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، مظفر اباد کے جلسے میں ساری جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی جاتی تو ساری سیاسی قیادت ایک صف میں نظر آتی مگر افسوس کہ وزیراعظم نے ابھی تک اپنی ذمہ داری کو محسوس نہیں کیا۔

سراج الحق نے کہا کہ جب بات کشمیر کی ہو تو ساری سیاست ایک طرف رہ جاتی ہے، صدر مملکت کے پارلیمنٹ کے خطاب کے موقع پر قوم کو سیسہ پلائی دیوار کی طرح نظر آنا اور کشمیریوں کو واضح پیغام جانا چاہیے تھا مگر صدر کے خطاب میں حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے ایسا نظر نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ 13 ماہ سے ملک کے معاشی حالات ابتری کا شکار ہیں، آئی ایم ایف اور ولڈ بینک نے کہہ دیا ہے کہ اگلے سال اور مشکل ہوں گے، حکومت ضد چھوڑ کر ملک کی معیشت کو بہتر کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ رونا دھونا مسائل کاحل نہیں ہمیں مل کر بیٹھنا اور مسائل کو حل کرنا ہو گا۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ وزیر اعلی، بلوچستان کوئٹہ کو 20 سال کے لیے ٹیکس فری قرار دیں تو کراچی کے سارے تاجر اپنے سرمائے سمیت کوئٹہ آ جائیں گے۔

مزید خبریں :