پاکستان
Time 15 ستمبر ، 2019

’عمران خان سیاست سے ریٹائر ہوجائیں تو ملکی معیشت ٹھیک ہوجائے گی‘

عمران خان اور ان کی حکومت عقل سے پیدل اور صلاحیت سے عاری ہے اور کسی قسم کی عمل کرنے سے بھی محروم ہے: رہنما مسلم لیگ (ن) احسن اقبال کا بیان— فوٹو:فائل/آن لائن

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کا کہنا ہے کہ عمران خان سیاست سے ریٹائر ہوجائیں تو معیشت ٹھیک ہوجائے گی۔

سابق وزیرداخلہ کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ دھرتی کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے 5 سال بعد حکومت کی کارکردگی پر سوال کرنے سے متعلق بیان پرردعمل میں کہا کہ 3 مہینے بعد ہی آپ نے ہمارا معاشی میدان میں احتساب شروع کردیا تھا، اب اپنی باری آئی ہے تو کہتے ہیں کہ 5 سال مجھ سےکوئی سوال نہ پوچھے۔

ان کا کہنا ہے کہ آپ سے سوال کیے جائیں گے کیوں کہ آپ نے ایک سال میں جتنا معیشت کو ڈبویا ہے، اتنا تو کوئی دشمن 10 سال محنت کرکے بھی معیشت کو نقصان نہیں پہنچا سکتا تھا۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی نگاہیں اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیوں کو تیز کرنے کی طرف لگی ہیں، حکومت کا وژن ہے کہ وہ کہتی ہے جس کے خلاف 50 کروڑ کرپشن کی شکایت دائر کی جائے گی اسے جیل میں سی کلاس دی جائے گی، سی کلاس چھوڑ کر ڈی کلاس میں بھی بھیج دیں لیکن ہماری آوازیں چپ نہیں ہوں گی، ہم آپ کی نالائقیاں اور ناکامیاں عوام کو بتانے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات ثابت ہوچکی، عمران خان اور ان کی حکومت عقل سے پیدل اور صلاحیت سے عاری ہے اور کسی قسم کی عمل کرنے سے بھی محروم ہے، پنجاب بدترین انتظامی بحران کا شکار ہے، حکومتی نااہلی سے پولیو کے ہر روز نئے کیس سامنے آرہے ہیں، پنجاب میں ڈینگی سر اٹھا رہا ہے۔

سابق وزیرداخلہ نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا کہ اپنے کزن طاہر القادری کی تقلید کرتے ہوئے سیاست سے ریٹائر ہونے کا اعلان کریں، یہ پاکستان کی معیشت کیلئے سب سے بڑا تحفہ ہوگا، جس دن وہ ریٹائر ہوں گے، اس دن اسٹاک مارکیٹ ایک ہزار پوائنٹس اوپر جائے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز قطری ٹی وی کو انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے درآمدات کم کی ہیں برآمدات بڑھائی ہیں، وزارت عظمیٰ سنبھالی تو پاکستان پر 90.5 ارب ڈالر کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ تھا، میری حکومت کے 5 سال مکمل ہوجائیں تب ملک کی معیشت پر سوال کیا جائے۔

مزید خبریں :