پاکستان
Time 29 ستمبر ، 2019

کشمیر پر حکومت اور اپوزیشن میں کوئی تقسیم نہیں، ہم سب ایک ہیں: شہباز شریف

مقبوضہ کشمیر پر پورا پاکستان ایک ہے لہٰذا نریندر مودی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے: صدر مسلم لیگ (ن)— فوٹو:فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کشمیر پر حکومت اور اپوزیشن میں کوئی تقسیم نہیں، ہم سب ایک ہیں۔

شہباز شریف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ بھارتی ظلم کے خلاف کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، مقبوضہ کشمیر پر پورا پاکستان ایک ہے لہٰذا نریندر مودی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی امن کیلئے پاکستان کی کاوشیں عالمی ریکارڈ کا حصہ ہیں، اقوام متحدہ کی امن کوششوں میں پاکستان کا سب سے بڑا حصہ ہے اور ہماری مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف شجاعت کے لازوال باب رقم کیے۔

حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے  صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ  عمران نیازی کی قیادت میں ملکی معیشت ڈوب چکی ہے، کاروباری برادری کا اعتماد ختم ہوچکا، معاشی تباہی کا سونامی لاکھوں افرادکو بیروزگار کرچکا۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کرنے کے بعد وطن واپسی پر وزیراعظم کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

اسلام آباد ائیرپورٹ پہنچنے پر وفاقی وزراء اور پارٹی رہنماؤں نے وزیراعظم کو پھولوں کے ہار پہنائے۔ 

مزید خبریں :