کہیں آپ بھی چھپکلیوں سے بنا میک اپ تو استعمال نہیں کرتے؟

چھپکلیاں جلد کی الرجی اور خارش کی ادویات کی تیاری میں استعمال کی جاتی ہیں، چھپکلیوں کو میک اپ کے سامان کی تیاری میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

ہم سب نے اپنے گھروں اور دیواروں پر چھپکلیوں کو چلتے ہوئے تو دیکھا ہی ہو گا اور  ہم میں سے بہت سے لوگ خصوصاً خواتین کو چھپکلیوں سے ڈر بھی لگتا ہے لیکن بظاہر  رینگنے والا معمولی کیڑا بہت سے ممالک میں اچھا خاصا پیسہ کمانے کا  ذریعہ ہے۔

انڈونیشیا کے ایک گاؤں میں صدیوں سے چھپکلیوں کو پکڑا جاتا ہے جس کے بعد انہیں بھون کر میک اپ بنانے کے اجزاء کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔

فوٹو بشکریہ وائس انڈونیشیا—

وائس انڈونیشیا کے مطابق انڈونیشیا میں کیپتاکان نامی گاؤں میں ہزاروں مری ہوئی چھپکلیوں کے ڈھیر پڑے ہوئے نظر آتے ہیں۔

گاؤں کے لوگ رات کے وقت ان چھپلکیوں کی تلاش کے لیے ٹارچ لے کر نکلتے ہیں اور انہیں پکڑنے کے لیے ایک خاص قسم کی چَھڑی استعمال کرتے ہیں جس پر گِلو لگی ہوئی ہوتی ہے جس کے ذریعے چھپکلی کو پکڑنا آسان ہو جاتا ہے۔

فوٹو بشکریہ وائس انڈونیشیا—

یہ لوگ چھپکلیوں کی تلاش کے لیے گھر گھر جا کر بھی انہیں پکڑتے ہیں اور  پھر اسے جمع کر کے آپریشن کے سربراہ تک پہنچاتے ہیں جو چھپکلی پکڑنے والے شکاریوں کو 1کلو چھپکلی کے بدلے میں 3 ڈالر دیتے ہیں۔

فوٹو بشکریہ وائس انڈونیشیا—

چھپکلیاں جمع کرنے کے بعد انہیں پانی سے دھویا جاتا ہے اور پھر اُن پر سرف میں پانی ملا کر تیار کیا جانے والا آمیزہ لگایا جاتا ہے۔ چھپکلیوں کو کچھ گھنٹے بھونے جانے کے بعد دھوپ میں سکھایا جاتا ہے، جس کے بعد یہ مارکیٹ میں فروخت کے لیے تیار ہو جاتی ہیں۔

اس گاؤں میں چھپکلیوں کے علاوہ مینڈک اور سانپوں کو بیچنے کا کاروبار بھی کیا جاتا ہے لیکن سب سے زیادہ پیسا چھپکلیوں سے کمایا جاتا ہے، جو کہ انڈونیشین کرنسی کے مطابق ایک کلو 250,000 میں بیچی جاتی ہے۔ 

فوٹو بشکریہ وائس انڈونیشیا—

 اس کاروبار سے جڑے ایک شخص کا بتانا ہے کہ سب سے زیادہ چین اور امریکا سے لوگ اسے خریدتے ہیں۔

عام طور پر چھپکلیاں زیادہ تر ادویات میں استعمال کی جاتی ہیں جن میں جلد کی الرجی اور خارش کی دوائیں شامل ہیں لیکن اس حوالے سے ہمیں سائنس کے ذریعے کوئی ثبوت نہیں ملتا کہ چھپکلیوں کا استعمال دوا بنانے کے لیے مفید ہوتا ہے۔ چھپکلی کو میک اپ کی چیزوں اور کاسمیٹکس کے سامان کی تیاری میں بھی بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔